پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی برقرار، 100 انڈیکس میں مزید ایک ہزار پوائنٹس کمی

ڈالر کی قیمت میں پچاس پیسے، سونے کی قیمت میں 6200 روپے کمی، 89 ہزار فی تولہ میں فروخت ہوتا رہا

648

کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان برقرار ہے، منگل کو 100 انڈیکس مزید ایک ہزار پوائنٹس کی کمی ہو گئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کار بھی دبائو کا شکار دکھائی دئیے، سٹیٹ بینک کی نئی مانیٹری پالیسی کے متوقع اعلان کی وجہ سے بھی سرمایہ کارحصص کے لین دین میں  کسی قدر محتاط نظر آئے۔

معاشی حوالے سے دیکھا جائے تو فروری 2020 میں گزشتہ سال کی اسی مدت کی نسبت پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 151 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق فروری 2020 میں پاکستان میں 289 ملین ڈالر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئی جبکہ گزشتہ سال فروری میں 151 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی گئی تھی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اکتوبر 2017 کے بعد پہلی بار سالانہ بنیادوں پر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 150 فیصد کے لگ بھگ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ چین پاکستان میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں پہلے نمبر پر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

کورونا کے عالمی معیشت پر تباہ کن اثرات، اسٹاک مارکیٹس کو 19 کھرب، ٹیکنالوجی کمپنیوں کو 300 ارب ڈالر نقصان

’کورونا وائرس کی ویکسین ابتدائی مراحل میں ،تباہ کاریاں جولائی اگست تک جاری رہ سکتی ہیں‘

’کورونا وائرس سے ترقی پذیر معیشتیں تباہ ہو سکتی ہیں، دنیا قرضے معاف کرنے پر غور کرے‘

منگل کو پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اوردن کے وسط تک 208 پوائنٹس اضافے سے انڈیکس 33 ہزار 833 کی سطح پر جا پہنچا  تاہم یہ رجحان زیادہ دیر برقرار نہ رہا اور 100انڈیکس 1268 پوائنٹس کمی سے 32 ہزار 416 کی سطح پر آ گیا۔

کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک ہزار 67 پوائنٹس کے خسارے سے 32 ہزار 616 کی سطح پر بند ہوا۔

کے ایم آئی 30 انڈیکس 1263 پوائنٹس کی کمی سے 50 ہزار 753 پر جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 618 پوائنٹس کمی سے 23 ہزار 248 کی سطح پر بند ہوئے، حصص کے مجموعی کاروبار میں 80 کی قیمت میں اضافہ جبکہ 228 کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتے ہفتے سے پاکستان سٹاک مارکیٹ شدید ترین مندی کی زد می ہے، گزشتہ ہفتے تین بار حصص کا کاروبار روکنا پڑا تھا جبکہ رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران بھی مندی کی وجہ سے 45 منٹ کے لیے کاروبار روک دیا گیا تھا۔

رواں  کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کمی ہوئی اور  ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کو ڈالر 158 روپے میں فروخت ہواجو کہ گزشتہ روز 158.50 روپے میں دستیاب تھا۔اسی طرح انٹر بینک میں ڈالر 159 روپے میں فروخت ہوا۔

سونے کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، منگل کو ایک تولہ سونے کی قیمت 89 ہزار روپے رہی جبکہ گزشتہ سوموار کو پاکستان بھر کی صرافہ مارکیٹس میں 95 ہزار روپے سے زائد فی تولہ میں فروخت ہوتا رہا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here