اسلام آباد: کانسیپٹ کلیئرنس کمیٹی یا سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کا خصوصی اجلاس وفاقی دارالحکومت میں ہوا جس کا مقصد احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کانسیپٹ پیپر بعنوان قومی ہنگامی صورتِ حال کے حوالے سے پاکستان کی تیاری اور کورونا وائرس کے تدارک کے تناظر میں ردِعمل کو اپروو کرنا تھا۔
پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر محمد جہانزیب خان نے اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی ظفر حسن اور سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔
یہ منصوبہ چیف ہیلتھ کی جانب سے پیش کیا گیا جنہوں نے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا کہ وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز و کوارڈینیشن نے یہ پروپوزل پیش کیا ہے تاکہ کورونا وائرس کی وبا کے تناظر میں ملکی تیاری کے حوالے سے صلاحیت اور ردِعمل کو بڑھایا جائے۔
اس منصوبے کا مقصد قومی و صوبائی سطحوں پر ایک فنکشنل کوارڈینیشن میکانزم کی تشکیل ہے تاکہ کورونا وائرس کا مقابلہ کیا جا سکے۔
وفاقی حکومت ہنگامی بنیادوں پر کیسز کی شناخت اور تشخیص کے لیے تیاری کر رہی ہے اور اس نے موثر انداز سے کورونا وائرس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے سرویلنس کے نظام کو مضبوط بنانے، کیس مینجمنٹ، انفیکشن سے بچائو اور کنٹرول، رسک کمیونیکیشن اور کوارڈینینشن کا عمل مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔
ڈاکٹر محمد جہانزیب خان نے کہا کہ مضبوط نگرانی وبا کو مزید پھیلائو سے روکے گی۔ ان کا کہنا تھا، پاکستان میں پہلے ہی قانون بعنوان ایمرجنسی ڈیزیزز کنٹرول ایکٹ موجود ہے جو کوئی بھی وبا پھوٹنے کی صورت میں فی الفور اقدامات کرنے کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو وبا پر قابو پانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
اکنامک افیئرز ڈویژن کے سیکرٹری ڈاکٹر سعید پرویز عباس نے اجلاس میں آگاہ کیا کہ عالمی بنک اور ایشین ڈویلپمنٹ بنک کی جانب سے وائرس کے تدارک کے لیے قرضہ دیا گیا ہے، قرضوں کے حوالے سے دیگر کثیر الجہتی تنظیموں سے بھی فنانسنگ حاصل کی جا سکتی ہے۔
دریں اثناء، سی ڈی ڈبلیو پی فورم نے کانسیپٹ کلیئرنس پروپوزل قبول کر لیا۔