ذخیرہ اندوزی ،ناجائزمنافع خوری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی: وزیر اعظم عمران خان

کورونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت پر پڑنے والے ممکنہ اثرات سے بچائو کے حوالے سے پیشگی حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ہدایت

98

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے منفی اثرات سے ملکی معیشت کو ممکنہ حد تک محفوظ رکھنا، معاشی سرگرمیوں کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانا اور خصوصاً عام آدمی کے لئے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔

 وزیر اعظم نے یہ ہدایات اپنی زیرصدارت کورونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت پر پڑنے والے ممکنہ اثرات سے بچائو کے حوالے سے پیشگی حفاظتی اقدامات اٹھانے کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر، وزیرِ برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، مشیر برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وفاقی سیکرٹری صاحبان و دیگر سینئر افسران بھی شریک تھے۔

 اجلاس میں کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات اور ان کے نتیجے میں ملکی معیشت کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران کورونا وائرس کے تناظر میں ملکی معیشت پر روزانہ کی بنیاد پر نظر رکھنے اور پیشگی اقدامات تجویز کرنے کے لئے مشیر خزانہ کی سربراہی میں بین الوزارتی کمیٹی قائم کی گئی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے منفی اثرات سے ملکی معیشت کو ممکنہ حد تک محفوظ رکھنا، معاشی سرگرمیوں کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانا اور خصوصاً عام آدمی کے لئے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ ذخیرہ اندوزی اور ناجائزمنافع خوری کی شکایت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسی شکایت کی صورت میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کو ہدایت کی کہ ورلڈ بنک و دیگر عالمی اداروں سے رابطہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کا مقابلہ کیا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here