کورونا وائرس کے اثرات : تاجروں نے حکومت سے مدد مانگ لی !

837

کرونا وائرس کے معاشی معاملات پر بڑھتے اثر کے تناظر میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کےصدر میاں انجم نثارنے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ٹھوس اور مظبوط حکمت عملی ترتیب دے جس سے معیشت کو کرونا وائرس کی وبا کے باعث عالم سطح پر معاشی سست روی کےاثرات سے بچایا جاسکے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں ایک لاکھ پینتالیس ہزار افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے اور یہ مہلک وائرس  اب تک پانچ ہزار تین سو چھتیس افراد کی جان لے چکا ہے۔

چین، جنوبی کوریا، اٹلی اور ایران وہ ممالک ہیں جو اس وائرس کا سب سے زیادہ شکار بنے ہیں۔ امریکا میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 1236ہے اور مرنے والے متاثرہ افراد کی تعداد 41 ہے۔

کورونا وائرس کے باعث ہونے والی صورتحال کے حوالے سے بیان میں میاں انجم نثار کا کہنا تھا “ملک کی معیشت کو کورونا اور دوسرے عالمی چیلنجز کے اثرات کے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ ملکی صنعتوں کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرے۔”

انکا مزید کہنا تھا کہ اس وقت یورپ کرونا وائرس کا مرکز بن گیا ہے اور پریشانی کی بات  یہ ہے کہ یورپ ہمارا دوسرا بڑا تجارتی پارٹنر ہے جہاں تقریبا 20فیصد پاکستانی برآمدات کو ڈیوٹی فری رسائی جبکہ 70فیصد کو ترجیحاتی مقام حاصل ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 50 ارب ڈالر جاری کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے اور دنیا بھر کے مرکزی بنک اس صورتحال میں شرح سود کم کر رہے ہیں تاکہ معیشت کو سہارا دیا جاسکے

انہوں نے کہا کہ “شرح سود میں کمی سستے قرضوں کی وجہ بنتا ہے جس سے کاروباری افراد قرض لینے کی طرف راغب ہوتے ہیں اور پیسہ آنے کے باعث کاروبار کی ترقی کے باعث ملکی معیشت بھی ترقی کرتی ہے”

اس سے قبل ایف پی سی سی آئی کی جانب سے اسٹاک ہولڈرز کے ایک مشاورتی اجلاس میں کورونا وائرس کے پاکستانی معیشت پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سٹیٹ بنک کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر مرتضی سید  کا کہنا تھا کہ “پاکستان کی معیشت اتنی مضبوط ہے کہ وہ کورونا وائرس کے اثرات کو برداشت کر سکے۔”

انکا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی پاکستانی معیشت کے لیے بہت بڑی نعمت ہے کیونکہ اسکی بدولت زر مبادلہ کے زخائر کی بچت ہوگی اور یہ اوپر جائیں گے جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور مہنگائی میں بھی کمی ہوگی۔

انہوں نے خوشخبری دی کے کورونا وائرس کے باعث پاکستان کی چین کیساتھ معطل ہونے والی سپلائی چین جلد بحال ہوجائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here