سپورٹیج کار میں میں آتشزدگی، KIA موٹرز نے الزام ٹریکر پر ڈال دیا، ماہرین کا غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ

808

کراچی : فیس بک پر پاک وہیلز (Pak Wheels) کی جانب سے ایک ویڈیو لگائی گئی ہے جس میں لاہور کی ملتان روڈ پر کورین کمپنی   کیا موٹرز (KIA Motors) کی مقبول ترین سپورٹیج کار کوآگ کی خوفناک لپٹوں میں گھرا دیکھا جا سکتا ہے تاہم  آگ کار کے انجن والے حصے تک محدود رہی۔

کار کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ ایک ماہ قبل ہی خریدی گئی تھی اور صرف 15سو کلومیٹر چلی تھی۔

اس سلسلے میں جب ہم نے کار بنانے والی کمپنی  (KIA)  سے رابطہ کیا تو  (KIA) نے خدشہ ظاہر کیا کہ آگ لگنے کی ممکنہ وجہ گاڑی میں لگایا جانے والا ٹریکر ہے۔

 کمپنی نے مزید کہا کہ بد قسمت کار انکے قبضے میں ہے اور ان کی ٹیم آگ لگنے کی وجوہات معلوم کررہی ہے۔

KIA موٹرز  نے سوشل میڈیا پر اس واقعے سے متعلق اپنی ٹیم کی تحقیقات کے نتائج جاری کیے ہیں تاہم انجن میں آگ لگنے کی ٹھوس وجہ نہیں بتائی گئی۔

کمپنی کی پریس ریلیز میں اس بات کا اشارہ دیا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ آگ کار کی فروخت کے بعد لگائے جانے والوں پرزہ جات کی وجہ سے لگی ہو۔

 KIA موٹرز، جو ماضی میں دو دفعہ پاکستانی مارکیٹ کو خیر باد کہہ چکی ہے، نے اس واقعےکی تحقیقات کو شفاف دکھانے کے لیے ابتدائی بیان جاری کیا ہے۔

بیان کے مطابق “ فروخت کے بعد لگایا جانا والا پرزہ  ٹریکر ہو سکتا ہے جو کہ انشورنس یا مالیاتی اداروں کی شرط کے باعث لگایا گیا تھا۔”

انجن کی تار کٹنے کے باعث کار کی وارنٹی ناکارہ ہوگئی ہے، بہر حال ماہرین نے کمپنی کی تحقیقاتی ٹیم  پر سوال اُٹھائے ہیں اور معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عالمی سطح پر  کیا موٹرز کو کسی خرابی کی وجہ سے چھ لاکھ سے زائد گاڑیاں واپس منگوانا پری تھیں، اس کی وجہ راڈ بئیرنگ تک تیل کے بہاؤ میں رکاوٹ بنی جو انجن میں آگ لگنے کا باعث بن سکتی تھی۔

نتیجے میں  (KIA) کو امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کی معاملے میں مداخلت کے باعث تصفیہ کی مد میں 761 ملین ڈالر کی ادائیگی کرنا پڑی۔

 صرف جنوبی کوریا کے  دارالحکومت سیئول میں  KIA موٹرز   کو 19785 سپورٹیج 2.0 ماڈل کی گاڑیاں واپس منگوانا پڑیں تاکہ خراب پرزہ جات کو تبدیل کیا جاسکے یہ کام بلا معاوضہ کیا گیا۔

 پرافٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا موٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا کہنا تھا کہ واپس بلائی جانے والی  سپورٹیج گاڑیاں لاہور میں آگ پکڑنے والی گاڑی سے مختلف جنریشن کی تھیں۔

 KIA موٹرز نے سپورٹیج گاڑی پاکستان میں اگست 2019ء میں متعارف کرائی تھی اور اسکی قیمت 48.99 لاکھ روپے رکھی گئی تھی۔

سپورٹیج گاڑی نے ٹیوٹا فارچونر کی فروخت کو خاصا متاثر کیا تاہم سپورٹیج کی فروخت کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں کیونکہ  KIA موٹرز  پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشین (PAMA)   کی رکن نہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here