سعودیہ کو پروازیں معطل ہونے سے پی آئی اے کو دو ارب کا نقصان، اٹلی کیلئے بھی فلائٹس بند

670

اسلام آباد: کورونا وائرس کی وجہ سے عمرہ ادائیگی اور سعودی عرب کو پروازوں کی معطلی کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز(پی آئی اے)کو دو ارب روپے نقصان کا سامنا ہے۔

پی آئی اے حکام نے منگل کو میڈیا کو آگاہ کیا کہ ائیر لائنز کا شیڈول بے حد متاثر ہو چکا ہے اور اب تک پچاس ہزار مسافروں کے ٹکٹ منسوخ کیے جا چکے ہیں، رواں ہفتے مدینہ کے لیے 34 اور مکہ مکرمہ کے لیے 13 فلائٹس شیڈول تھیں  جنہیں منسوخ کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

پی آئی اے کی چین کیلیے پروازیں 15 مارچ تک معطل

پی آئی اے کے جہاز کی چوری، ادارے منہ تکتے رہ گئے

اسلم آر خان چئیرمین پی آئی اے تعینات

دوسری جانب پی آئی اے نے کورونا وائرس کے باعث اٹلی کے اقتصادی مرکز میلان کی جانب براہ راست پروازوں کا سلسلہ بھی منقطع کردیا ہے ۔

پی آئی اے اٹلی کے لیے لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس سے براہ راست پروازیں چلاتی ہے، ذرائع کے مطابق میلان کے لیے پروازوں کی بندش 31 مارچ تک رہے گی۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے اب تک 463 اموات ہو چکی ہیں ،اٹلی کے آدھے شہروں کو لاک ڈائون کردیا گیا ہے، حکومت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ایک میٹر کا فاصلہ رکھیں۔

واضح رہے کہ چین سے پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک لاکھ سولہ ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ چار ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں، اس کے علاوہ چونسٹھ ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here