اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جولائی 2019 سے جنوری 2020 کے درمیانی عرصے میں 345 ارب روپے کی زائد وصولیاں کی ہیں۔ اعداد و شما رکے مطابق ایف بی آر نے ریونیو کی مد میں 17 فیصد سال گزشتہ کے مقابلے میں زائد وصولیاں کی ہیں۔
ترجمان ایف بی آر کا کہنا تھا کہ پہلے سات ماہ میں 920 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 897.5 ارب کا انکم ٹیکس اکھٹا ہوا۔
ترجمان کے مطابق یہ انکم ٹیکس وصولیاں گذشتہ سال کی 759.1 ارب کے مقابلے میں 18.1 فیصد زائد رہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس عرصہ میں 1039 ارب روپے کی سیلز ٹیکس وصولیوں کے ہدف کے مقابلے میں 996.6 ارب اکھٹے ہوئے ہیں۔
ترجمان ایف بی آر نے مزید بتایا کہ سیلز ٹیکس کی مد میں گذشتہ سال کی 799.1 ارب روپے کے مقابلے میں 24.7 فیصد زائد اکھٹے ہوئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کو سات ماہ میں 2509 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 2407.7 ارب روپے کے ٹیکس اکھٹے ہوئے ہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکس وصولیاں گذشتہ سال کے 2062.7 ارب روپے کے مقابلے میں 16.7 فیصد زائد رہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر میں 29 فروری تک 24 لاکھ 83 ہزار آٹھ سو 66 ریٹرنز داخل ہوئیں۔
ایف بی آر میں داخل ہونے والی یہ ریٹرنز گذشتہ سال کے مقابلے میں تین لاکھ 73 ہزار آٹھ سو 77 زائد رہی ہیں۔