لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی ترقی کو پاکستان کی ترقی قرار دیتے ہوئے کہا ہے، شہر میں ترقیاتی کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے گورنر ہائوس کراچی میں مختلف منصوبوں کا ویڈیو لنک کے ذریعے افتتاح کیا اور اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا، میں موسم کی خرابی کے باعث کراچی نہیں آ سکا جس پر معذرت خواہ ہوں۔
وزیراعظم نے کہا، میرے کراچی آنے کا مقصد دراصل ڈیڑھ سال قبل ہماری حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے منصوبوں کا افتتاح کرنا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں میں تین فلائی اوورز اور دو سڑکیں شامل ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کا وہ شہر ہے کہ اگر یہ ترقی کرتا ہے تو سارا پاکستان ترقی کرتا ہے۔ کراچی پر جب برا وقت آتا ہے تو ان حالات سے سارا پاکستان متاثر ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت بہت سارے فنڈز صوبوں کو چلے جاتے ہیں لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم پاکستان اور سندھ اور بالخصوص کراچی کی ترقی کے لیے کوشش کریں گے کیوں کہ کراچی کی ترقی کا مطلب لوگوں کو روزگار فراہم کرنا اور ملک کی معاشی نمو کا فروغ ہے۔
اس سے قبل گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے کراچی کے علاقوں سخی حسن، فائیو سٹار اور کے ڈی اے چورنگیوں پر تعمیر ہونے والے پلوں کا افتتاح کیا۔