لاہور: وزارتِ تجارت کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، رواں مالی سال کے اولین آٹھ ماہ کے دوران 10 ملکوں کو برآمدات میں کمی جب کہ کچھ ملکوں کو برآمدات بحال ہوئی ہیں۔
مقامی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق، کامرس ڈویژن نے برآمدات میں کمی پر کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا تاہم، وزارت کا کہنا تھا کہ ان ملکوں کو برآمدات کے فروغ کے لیے کام جاری رہے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان کی گزشتہ برس جولائی سے رواں سال فروری کے دوران انڈیا کو برآمدات میں 91 فی صد کمی آئی ہے جو گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران صرف 80 لاکھ ڈالر رہیں جو گزشتہ برس اسی عرصہ کے دوران 24 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھیں جب کہ اگر بھارت سے برآمدات کے حجم کا جائزہ لیا جائے تو اس میں 69 فی صد کمی آئی ہے، جو گزشتہ برس ایک ارب تین کروڑ ڈالر تھا اور رواں برس یہ کم ہو کر 31 کروڑ 82 لاکھ ڈالر رہ گیا۔
مزید پڑھیں: پاک ایران سرحد 14 روز بعد کھول دی گئی، تجارتی سرگرمیاں بحال
واضح رہے کہ پاکستان نے اگست 2019 میں بھارت سے تجارتی تعلقات منسوخ کر دیے تھے تاہم کچھ عرصہ بعد بھارت سے ادویات اور خام مال برآمد کرنے کی اجازت دے دی تھی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، پاکستان تیسرے فریق کے ذریعے بھارت کے ساتھ تجارت جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس اَمر کی تصدیق اس حقیقت سے بھی ہوتی ہے کہ پاکستان کی متحدہ عرب امارات سے برآمدات میں 54 فی صد اضافہ ہوا ہے جس میں سب سے زیادہ تجارت چاولوں کی ہوئی ہے۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران پاکستان کا 10 ملکوں سے درآمدات میں اضافہ ہوا ہے جن میں نیدر لینڈز سے 130 فی صد، ایران سے 93 فی صد، مصر سے 156 فی صد، برازیل سے چھ فی صد، ویت نام سے 38 فی صد، تائیوان سے 26 فی صد، الجزائر سے 185 فی صد، ڈنمارک سے 61 فی صد، نائیجیریا سے 16 فی صد اور کینیڈا سے آٹھ فی صد اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق، اس عرصہ کے دوران چند ملکوں سے درآمدات میں کمی بھی آئی ہے جن میں متحدہ عرب امارات، بھارت، جاپان، سعودی عرب، قطر، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، جرمنی اور برطانیہ شامل ہیں۔