یورپی یونین نے پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کر دی

یہ توسیع 2022 تک کیلئے کی گئی ہے، پاکستان یورپی یونین کی 27 رکن ریاستوں میں ڈیوٹی فری رسائی سے فائدہ اٹھا سکے گا

1020

لاہور: یورپی پارلیمان کی بین الاقوامی تجارتی کمیٹی (آئی این ٹی اے) نے پاکستان کے لیے جنرلائزڈ سسٹم آف پریفرنسز-پلس (جی ایس پی پلس) کے اسٹیٹس میں توسیع کردی ہے جس کی تصدیق  وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے بھی کی ہے۔ 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں رزاق دائود نے بتایا کہ جی ایس پی پلس کے تحت پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے مراعات جاری رہیں گی۔

مشیر تجارت نے جی ایس پی پلس کا درجہ برقرار رکھنے پر یورپی یونین کا شکریہ ادا کیا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو یورپی منڈیوں تک رسائی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس سے شہریوں کی معاشی و اقتصادی صورتحال میں بہتری آئے گی۔

یہ بھی پڑھیے: ٹڈاپ کا برطانیہ سے تجارت کے فروغ کے لیے ایکسپورٹرز سے مشاورت کا فیصلہ

مشیر تجارت نے برآمد کنندگان کو یورپین یونین کے فیصلے سے فائدہ اٹھانے اور برآمدات کا دائرہ وسیع کرنے کی ہدایت کی۔

پاکستان نے جی ایس پی پلس کی سہولت برقرار رکھنے کی استدعا کی تھی جس کے بعد 17 فروری 2020 کو یورپی پارلیمان میں پاکستان کے جی ایس پی پلس کا درجہ برقرار رکھنے کا معاملہ زیرِ غور آیا تھا،

واضح رہے کہ پاکستان کو 2014ء سے جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل تھی لیکن اس کا تسلسل جی ایس پی پلس کے 27 مرکزی کنونشنز بالخصوص نیشنل ایکشن پلان برائے انسانی حقوق پر عملدرآمد کے لیے نئے قوانین کے نفاذ اور نئے اداروں کے قیام میں پاکستان کی پیشرفت سے جڑا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستان درآمدات میں اضافہ، مزید ملکوں کیساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ کرے: آئی ایم ایف

فروری 2018 میں یورپین پارلیمنٹ کی بین الاقوامی تجارتی کمیٹی نے پاکستان کے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا تھا جس پر یورپی یونین نے پاکستان کے جی ایس پی پلس کے درجے کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے پاکستان کو آئندہ دو سالوں تک جی ایس پی پلس کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

البتہ جی ایس پی پلس کی مدت ختم ہونے کے بعد پاکستان نے دوبارہ یورپی منڈیوں تک رسائی کے لیے درخواست کی تھی اور اس حوالے سے جمعے کے روز یورپی پارلیمنٹ کے اجلاس ہوا جس میں پاکستان کو آئندہ 2022 تک جی ایس پی پلس کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزارت تجارت کے حکام کے مطابق جی ایس پی پلس کے بعد یورپی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات میں 66 فیصد اضافہ ہوا، حکام کے مطابق پاکستان کا اگلا جی ایس پی پلس جائزہ جنوری 2022 میں ہوگا جبکہ آئندہ ماہ یورپی کمیشن پاکستان آئے گا۔

معاشی اعتبار سے پاکستان اس اسکیم سے نمایاں فوائد اٹھانے والا ہے جو دنیا کے دیگر 9 ممالک بھی حاصل کررہے ہیں۔ اس کے نتیجے میں پاکستان کو یورپی یونین کی 27 رکن ریاستوں میں ڈیوٹی فری رسائی دستیاب ہوگی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here