کورونا وائرس کا خوف، پاکستان سٹاک ایکسچینج 1162 پوائنٹس گر گئی، ایشیائی، یورپی اور امریکہ سٹارک مارکیٹس میں بھی مندی کا راج

کاروباری ہفتے کے آخری روز سونا 1300 روپے مہنگا ہو کر 95 ہزار 500 روپے فی تولہ کی بلند ترین قیمت پر پہنچ گیا

596

کراچی: کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کی سٹاک مارکیٹس میں مندی کا راج ہے، کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان سٹاک ایکسچینج کا کے ایس ای 100 انڈیکس 1162 پوائنٹس گر گیا۔ 

غیر ملکی سرمایہ کاروں کو گزشتہ سیشن (جمعرات) کے دوران مجموعی طور پر 3.18 ملین ڈالر کا نقصان ہواتھا۔

جمعے کو کاروبار کا آغاز ہوا تو سٹاک مارکیٹ کے مندی کی لپیٹ میں آنے سے 1259 پوائنٹس کم ہوگئے جس سے انڈیکس 38122 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک آگیا، بعد ازاں مارکیٹ کے اختتام پر 1162 پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس 38219 پوائنٹس پر بند ہوا۔

دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 2341 پوائنٹس گرنے سے 60180 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس میں 670 پوائنٹس کمی سے انڈیکس 26557 پوائنٹس پر بند ہوا۔ سٹاک مارکیٹ میں 65 کمپنیوں کے کاروبار مثبت جبکہ 237 کمپنیوں کے کاروبار منفی رہے، کاروباری روز کے دوران مجموعی مارکیٹ حجم 340 ملین سے کم ہو کر 244 ملین تک آگیا ہے۔

100 انڈیکس میں بینکنگ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن اور کھاد کے شعبوں میں منفی رجحان رہا جبکہ میپل لیف سیمنٹ، فوجی سیمنٹ کمپنی، پایونئیر سیمنٹ کمپنی اور ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی انڈیکس ٹیبل پر آ گے دکھائی دیے۔

جمعے کے کاروباری روز آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی، پاک پیٹرولیم لمیٹڈ اور پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ میں گھاٹے کے سودے ہوئے۔

عالمی سٹاک مارکیٹ میں کرونا وائرس کا خوف برقرار

عالمی منڈیاں میں بھی سرمایہ کار کرونا وائرس کی وجہ سے مسلسل غیریقینی کا شکار ہیں، لندن کے ایف ٹی ایس ای 100 شئیر انڈیکس دیگر یورپین منڈیوں کی طرح 3 فیصد گر گیا ہے۔

جمعے کو ایشین منڈیوں میں بڑا بحران دیکھا گیا، جاپان کے نکی شئیر انڈیکس میں 2.7 فیصد کمی ہوئی، اس سے قبل جمعرات کو امریکی سٹاک منڈیوں میں بھی مندی کا راج رہا جس سے امریکہ کے تین بڑے اعشاریوں میں 3 فیصد کمی ہوئی۔

ٹریول کمپنیوں کے شئیرز ایک بار پھر سے گرنے لگے ہیں، کروز آپریٹر کارنیول 2012 سے پہلی بار 5.8 فیصد تک گرا ہے۔

یورپ، برطانیہ اور امریکہ کی منڈیوں میں بینکنگ اور تیل کے شعبے بھی مندی کی لپیٹ میں آنے سے سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان بھگتنا پڑا ہے۔

سونا مہنگا

دوسری طرف کاروباری ہفتے کے آخری روز فی تولہ سونے میں 1300 روپے کا اضافہ ہوا ہے، سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا تسلسل جاری ہے، جمعے کے روز سونا 1300 روپے فی تولہ مہنگا ہو کر 95 ہزار 500 روپے کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔

یہی صورتحال عالمی منڈی میں بھی رہی جس سے سونا 42 ڈالر فی اونس مہنگا ہوا، عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 1686 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here