کراچی: قومی پرچم بردار پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے)نے اپنا ہیڈ آفس کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
ایوی ایشن ڈویژن میں ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے فریم ورک پلان حتمی منظوری کے لیے وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دیا گیا ہے جبکہ پی آئی اے کراچی ہیڈ آفس اسلام آباد منتقل کرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
پی آئی اے ہیڈ آفس بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیر پورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ میں تعمیر کیا جائے گا جبکہ اس کا کار پارکنگ ایریا سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کمرشل استعمال میں لائے گی۔
ذرائع نے کہا ہے کہ پی آئی اے ہیڈ آفس منتقلی کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے کلیدی کردار ادا کیا، وائس چیف آف ائیر سٹاف (وی سی اے ایس) سے مختلف اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلے کی منظوری دی گئی۔
ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق فنانس و انجنئیرنگ ڈیپارٹمنٹس صرف کراچی میں موجود ہیں جبکہ مارکیٹنگ، پروسیجر بیورو، سینٹرل ریزرویشن کنٹرول، ریونیو مینجمنٹ، ایچ آر اور سکیورٹی ڈیپارٹمنٹس کو اسلام آباد میں منتقل کیا جا چکا ہے۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ تمام تر قانونی کارروائی کے بعد تین ہوائی جہاز پی آئی اے میں شامل کیے جائیں گے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی حکومت 31 جہاز تھے جن میں سے 4 جہاز تکنیکی وجوہات کی بنا پر گراؤنڈ کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایوی ایشن پالیسی 2019 پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور قومی ادارہ آہستہ آہستہ مالی لحاظ سے بہتر ہو رہا ہے۔