کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی منفی رجحان رہا، انڈیکس 293 پوائنٹس کمی کیساتھ 38906 کی سطح پر بند ہوا، سونے کی قیمت میں ایک ہی روز میں 1950 روپے فی تولہ اضافہ ہو گیا ہے۔
بدھ کے روز کاوربار کے آغاز کے ساتھ ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں 437 پوائنٹس کمی ہوگئی اور یہ 38762 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک آگیا تاہم کاروبار کے اختتام پر 293 پوائنٹس کمی کے ساتھ انڈیکس 38906 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس 1001 پوائنٹس گرنےسے 60923 کی سطح پر جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 135 پوائنٹس کمی سے 26919 کی سطح پر بند ہوا، سٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 112 کمپنیوں نے مثبت جبکہ 187 کمپنیوں نے منفی ٹریڈنگ کی۔
بدھ کے روز مارکیٹ حجم گزشتہ سیشن کے مقابلے میں 225.28 ملین سے کم ہو کر 186.99 ملین تک آ گیا، میپل لیف سیمنٹ فیکٹری، ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ اور بینک آف پنجاب پوائنٹس ٹیبل پر مثبت ٹریڈنگ سے چھائے رہے۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، پاور جنریشن اینڈ ڈسٹریبیوشن اور کھاد کے شعبے منفی ٹریڈنگ کی زد میں رہے جبکہ دیگر شعبوں میں اینگرو کارپوریشن، حب پاور کمپنی اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کی منفی ٹریڈنگ سے سٹاک مارکیٹ میں برے اثرات دکھائی دیے۔
سونا مہنگا، ڈالر سستا:
دوسری طرف کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ایک تولہ سونے کی قیمت میں اضافہ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں پانچ پیسے کی کمی ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز سونے کی قیمت میں 1950 روپے فی تولہ اضافہ ہونے سے ایک تولہ سونے کی قیمت 94 ہزار 100 روپے ہوگئی ہے، دس گرام سونا 1671 روپے مہنگا ہوکر 80675 روپے کا ہوگیا ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈالر 154.25 روپے میں فروخت ہوا جو کہ گزشتہ روز 154.30 روپے میں دستیاب تھا، انٹر بینک میں ڈالر 154.25 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔