کاروباری ہفتے کے دوسرے روز سٹاک مارکیٹ اتار چڑھائو کے بعد 96 پوائنٹس کمی کیساتھ بند

عالمی منڈی میں 9 ڈالر کمی کے بعد پاکستان میں میں بھی سونا فی تولہ 150 روپے سستا ہو گیا

568

لاہور: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ کے بعد انڈیکس 96.62 پوائنٹس گر گیا۔

منگل کو کاروبار کا آغاز ہوا تو حصص مارکیٹ میں  اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا پہلے ہی دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں پانچ سو پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی جس کے بعد انڈیکس 39700 پوائنٹس کی حد بحال کر گیا ۔

تاہم اس دوران آئندہ چار گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں ایک مرتبہ پھر بڑی مندی دیکھی گئی اور انڈیکس دوبارہ 39276 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں اُتار چڑھاؤ کے باعث انڈیکس 39057.53 پوائنٹس کی نچلی ترین سطح جبکہ 39866.46 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی دیکھا گیا تھا۔

تاہم سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 96.62 پوائنٹس کی مندی کے بعد ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 39199.68 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.25 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ 17 کروڑ 56 لاکھ 15 ہزار840 شیئرز کا لین دین ہوا۔

یاد رہے کہ سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی دیکھی گئی تھی اور  100 انڈیکس 1312 پوائنٹس بڑھنے کے بعد 39296.30 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔ حصص کی مالیت میں 190 ارب روپے سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔

سونا 150 روپے فی تولہ سستا

ادھر ملک بھر میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران فی تولہ اور دس گرام سونا مزید 150 اور 128 روپے سستا ہو گیا ہے۔

بین الاقوامی منڈی میں سونا 9 امریکی ڈالر سستا ہو گیا جس کے بعد سونے کی نئی قیمت 1596 امریکی ڈالر ہو گئی۔

ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، حیدر آباد، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونا 150 روپے کمی کے بعد 92150 روپے میں فروخت ہوا۔

دریں اثناء فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 128 روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد دس گرام سونے کی نئی قیمت 79004 روپے ہو گئی ہے۔

ملک بھر میں چاندی کی قیمت 1000 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here