اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے بے نامی زونز نے مجموعی طور پر 62 ارب 36 کروڑروپے سے زائد مالکیت کی بے نامی جائیدادوں کو بے نقاب کیا ہےجن میں سے31 ارب روپے مالیت کی 146بے نامی جائیدادوں کو ضبط کر لیا گیاہے۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی بے نامی انیشی ایٹو ڈاکٹر بشیراللہ نے قائم مقام چیئرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید کوبے نامی جائیدادوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔یہ بے نامی جائیدادیں ایف بی آر کے مختلف زونز میں سامنے آئی ہیں۔
بے نامی زون تھری کراچی میں 100 سے زائد بے نامی جائیدادوں کا علم ہوا ہے جن کی مالیت 14 ارب روپے بنتی ہےاور اس میں بے نامی زرعی زمین بھی شامل ہے۔ اسلام آباد زون نے 16 ارب مالیت کی 31بے نامی جائیدادوں کا پتا چلایا ہے۔ اسی طرح لاہور زون 62 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی 14 بے نامی جائیدادوں کو منظر عام پر لیکر آیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دیہہ ٹھہری میں 32 ایکٹر زمین شاہین فرائٹ سروسز (Shaheen Freight Services) کے نام پر رجسٹر تھی جبکہ دیہہ وسرو وہان میں 14 ایکٹر زمین شاہین فوڈز کے نام نکلی۔
اسی طرح دیہہ کوڑو پھلپھوٹو میں 39 ایکڑ زمین علی مراد نامی شخص کے نام تھی ، نے نامی زون تھری کراچی نے لندن ٹائون ہائوسنگ سکیم اور پَپڑی میں علی اکبر نامی شخص کے نام رجسٹرڈ زمین کا بھی پتہ چلایا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کے بے نامی زونز کی جانب سے بے نامی جائیدادوں کے 63مقدمات میں تحقیقات حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں جن میں سے 34 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیے جاچکے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ بے نامی زونر کی جانب سے اب تک مجموعی طور پر 750 بے نامی داروں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے کراچی زون نے 203، لاہور نے 122اور اسلام آباد زون نے 427 بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے۔
اسکے علاوہ ذرائع نے بتایا کہ بے نامی زونز کی جانب سے مذکورہ جائیدادوں کے 257 بینیفشری مالکان کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں جن میں سیاستدان اور بزنس مین شامل ہیں،کراچی زون نے 113افراد کی نشاندہی کی ہے جن میں اومنی گروپ کے فیملی ممبرز بھی شامل ہیں،لاہور میں 77جبکہ اسلام آباد میں 67 ایسے ہی مالکان کی نشاندہی کی گئی ہے ۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے بے نامی زونز نے 28 فروری 2020 تک مجموعی طور پر 62 ارب 36 کروڑروپے سے زائد مالکیت کی بے نامی جائیدادوں کو بے نقاب کیا ہے جن کے بارے میں زیادہ تر معلومات چاروں صوبوں میں متعلقہ علاقوں کے ڈپٹی کمشنرز سے ملیں جس کے بعد تحقیقات کی گئیں ۔