اسلام آباد: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کہا ہے کہ مالی سال 2018-19 میں مزید14 ہزار 461 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئی ہیں۔ یہ تعداد مالی سال 2017-18 کی نسبت 27 فیصد زیادہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی رجسٹرڈ کی جانے والی کمپنیوں کی مالیت مجموعی طور پر 10.161 ارب روپے ہے حالانکہ یہ سال مارکیٹ کیلئے کافی مشکل رہا، مالی سال 2017-18 کے دوران رجسٹرڈ ہونے ولای کمپنیوں کی مالیت 5.015 ارب روپے تھی۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2018-19 کی ابتداء میں رجسٹریشن میں بتدریج کمی دیکھی گئی لیکن بعد میں ریکوری ہوئی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 41910 پوائنٹس سے شروع ہو کر 28 جون 2019 کو 33901 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ اس طرح کے ایس ای 100 انڈیکس میں سال کے شروع ہی سے 19 فیصد تک کمی ہوئی تھی۔