اسلام آباد: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم مارچ سے پیڑولیم مصنوعات میں کمی کی سمری باضابطہ طور پر پیٹرولیم ڈویژن کو بھجوا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم ڈویژن کو پیٹرول اور ڈیزل 10، 10 روپے فی لٹر سستا کرنے کی تجویز دی ہے جبکہ قیمتوں میں کمی کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔
یہ بھی پڑھیے: حکومت کا فروری میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ
اس سے قبل فروری میں اوگرا نے ڈیزل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بالترتیب 2.47 روپے فی لیٹر اور 1.1 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی جبکہ پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں باالترتیب 0.06 پیسہ فی لیٹر اور 0.66 پیسہ فی لیٹر کمی کرنے کی سفارش کی تھی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وہ ہر صورت عوام کو ریلیف دیں گے، حکومت مہنگائی کے خلاف خاموش تماشائی نہیں بن سکتی، پیٹرولیم مصنوعات میں ممکنہ حد تک کمی لانے کے لیے جامع روڈمیپ مرتب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چینی معیشت میں سست روی کے باعث ایک ہفتے کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 6 ڈالر 20 سینٹس تک گر چکی ہیں، صرف ایک روز میں امریکی خام تیل کی قیمت 2 ڈالر 80 سینٹ کمی کے بعد 52 ڈالر 90 سینٹ فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت 2 ڈالر 70 سینٹ کمی کے بعد 59 ڈالر 40 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔
اس طرح ایک ہفتے میں اب تک امریکی خام تیل 5 ڈالر 60 سینٹس اور برطانوی خام تیل 6 ڈالر 20 سینٹس فی بیرل سستا ہوا۔ معاشی ماہرین کے مطابق چین میں پھیلے وائرس کے باعث معاشی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں ہیں۔