اسلام آباد: یورپی یونین نے پاکستان کو پبلک فنانشل مینجمنٹ سپورٹ پروگرام کیلئے 13 ملین یوروز گرانٹ کی منظوری دے دی۔
سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن سید پرویز عباس اور پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر انڈرولا کامی نارا (Androulla Kaminara) نے اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت یورپی یونین چھوٹی مالیاتی پالیسیوں، بجٹ تیاری اور دیگر مالی مسائل میں بہتری لانے میں معاونت فراہم کرے گی۔
اس موقع پر وزیر معاشی امور حماد اظہر نے کہا کہ پبلک فنانشل مینجمنٹ سپورٹ پروگرام وفاقی، سندھ اور بلوچستان کیلئے ہے اور اس کامقصد سرکاری مالیاتی نظام کی بہتری، حکومتی اخراجات کے موثر استعمال کو ممکن بنانا اور وفاق ، سندھ اور بلوچستان میں سرکاری خدمات کی ڈلیوری میں بہتری لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں برابر کی معاشی اور سماجی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پُر عزم ہے۔
یاد رہے یورپی یونین نے پاکستان سے یہ معاہدہ آئی ایم ایف کے ریفارم پروگرام کے کامیاب مذاکرات کے بعد کیا ہے۔
یہ بھی بتانا ضروری ہے کہ پاکستان میں آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ایرنیسٹو ریمریز ریگو(Ernesto Ramirez Rigo) نے اس حوالے سے کہا تھا،’’ آئی ایم ایف کا پاکستانی حکام کے ساتھ 6 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسِلیٹی کے دوسرے جائزے کی تکمیل کے لیے درکار پالیسیز اور اصلاحات پر اسٹاف کی سطح کے معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے‘‘۔