لاہور میں پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والے سٹورز سیل کرنے کا حکم

پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی فروخت کرنے والی کمپنیوں کو بھی نوٹس جاری ، ساری دنیا شیشے کی بوتلوں میں بیچ رہی ہے، پلاسٹک بوتلز میں پانی بیچنے والے یونٹس سب سے بڑے مجرم ہیں: لاہور ہائیکورٹ

44

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والے اسٹورز سیل کرنے کا حکم دے دیا، پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی بیچنے والی کمپنیوں کو بھی نوٹس جاری کردئیے۔

پلاسٹک بیگز کے استعمال اور پلاسٹک بوتلوں میں پانی کی فروخت سے متعلق ایک شہری کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق دوران سماعت پلاسٹک بیگ پر پابندی سے متعلق حکومتی وکیل انیس ہاشمی نے محکمہ ماحولیات کی رپورٹ پیش کی اور عدالت کو بتایا کہ متعدد بیکریاں اور سرکاری یوٹیلیٹی اسٹورز بھی عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کر رہے۔

اس پر جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ جو اسٹور پلاسٹک بیگز استعمال کر رہے ہیں ان کو سیل کر دیں، اگر ان کو خود خیال نہیں ہے تو انہیں کاروبار سے نکال دیا جائے، مذکورہ اسٹورز اور بیکرز عملدرآمد کا بیان حلفی دیتے  ہیں تو انہیں صرف 7 روز تک کا وقت دیں۔

یہ بھی پڑھیے:

پلاسٹک کرہ ارض کی تباہی کا باعث۔۔۔ لیکن پلاسٹک انڈسٹری کو بچانا بھی اتنا ہی اہم

سالانہ 15 فیصد کی اوسط سے بڑھنے والی پلاسٹک کی صنعت پاکستان کیلئے نقصان دہ ہے؟

اسلام آباد میں پولیتھین بیگز استعمال کرنے والوں کو 12 لاکھ روپے تک جرمانے

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ پلاسٹک بوتلوں میں پانی فروخت کرنے والی کمپنیوں کو بھی نوٹسز جاری کر رہا ہوں، ساری دنیا پلاسٹک بوتل میں پانی بیچنا چھوڑ چکی ہے ، اب پانی شیشے کی بوتلوں میں بیچا جا رہا ہے، پلاسٹک بوتلز میں پانی بیچنے والے یونٹس سب سے بڑے مجرم ہیں، اگلے مرحلے میں ریسٹورنٹس اور بیکرز کی طرف جائیں گے۔

اس موقع پر سرکاری وکیل نے کہا کہ صارفین کی طرف سے واویلا کیا جاتا ہے کہ انڈے کیسے لےکر جائیں، جسٹس شاہد نے ریمارکس دیے کہ صارفین کو کوئی علم نہیں، عدالت نے ماحول دشمن اشیاء کا خاتمہ کروانا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والے اسٹورز اور مختلف بیکریوں کو سیل کرنے کا حکم دیا جب کہ عدالت نے شادمان ٹاؤن کے ایک بڑے اسٹور کو بھی سیل کرنے کا حکم دیا ہے۔

علاوہ ازیں عدالت نے پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی کی فروخت پر مختلف مشروب ساز فیکٹریوں کو بھی نوٹس جاری کردیئے اور درخواست پر مزید سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here