عالمی منڈیوں پر کورونا وائرس کا دبائو، پاکستان سٹاک مارکیٹ بھی متاثر، 520 پوائنٹس کمی سے انڈیکس ریڈ زون میں بند

اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر پانچ پیسے سستا، روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 154 روپے 25 پیسے ہو گئی

508

کراچی: عالمی سٹاک مارکیٹوں پر کورونا وائرس کے اثرات کی وجہ سے مندی کے رجحانات کا اثر پاکستان سٹاک ایکسچینج پر بھی پڑا ہے جو بدستور مندی کا شکار رہا  اور بدھ کو کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 520 پوائنٹس کمی سے ریڈ زون میں بند ہوا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق کرونا وائرس کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث عالمی معیشت سست روی کا شکار ہے جس سے دنیا بھر میں حصص کی قیمتیں گرنے لگی ہیں۔ عالمی منڈی میں زیادہ تر تیل کی قیمتوں میں کمی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد کم ہو گیا ہے۔

بدھ کو پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تو  کے ایس ای 100 انڈیکس 748.29 پوائنٹس خسارے سے 38074.16 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گرگیا لیکن کاروبار کے اختتام تک 520.12 پوائنٹس کمی کیساتھ 38338.33 پوائنٹس بند ہوا۔

دیگر انڈیکسز میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 1.72 فیصد کمی سے 60119.88 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 26687.95 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مجموعی طور پر 77 کمپنیوں نے مثبت اور 227 کمپنیوں نے منفی کاروبار کیا۔ سٹاک مارکیٹ کا مجموعی حجم گزشتہ سیشن 124.35 ملین روپے کی نسبت زیادہ ہو کر 147.80 ملین روپے تک دیکھا گیا۔ بدھ کے روز 49.63 ملین ڈالر کے شئیرز کی تجارت کی گئی۔

یونٹی فوڈز لمیٹڈ نمایاں جبکہ ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ اور ٹی آر جی پاکستان نے قدرے بہتر کاروبار کیا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس کے کھاد، بینکنگ اور توانائی کی پیداوار و ترسیل کے شعبے میں منفی کاروبار دکھائی دیا۔

اسی طرح حب پاور کمپنی، اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ اور داؤد ہرکیولز کارپوریشن لمیٹڈ بھی مندی کے رجحان کی زد میں رہے اور ریڈ زون میں بند ہوئے۔

مالی اعتبار سے پاکستان سٹاک ایکسچینج لمیٹڈ نے مالی سال کی دوسری سہ ماہی کی 0.11 روپے فی شئیر آمدن کا اعلان کیا ہے۔ تیل و گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کو فی شئیر آمدن 6.01 روپے،  امریلی سٹیل ملز کو 0.78- روپے اور یونیٹی فوڈز لمیٹڈ کو فی شئیرز آمدن 0.52 روپے ہوئی ہے۔

دوسری جانب  ملک بھر میں بدھ کے کاروباری روز میں اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر پانچ پیسے سستا ہو گیا ہے جس کے بعد روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 154 روپے 25 پیسے ہو گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here