لاہور:ڈیری مصنوعات بنانے والی ملٹی نیشنل کمپنی نیسلے پاکستان نے 2019 ء کے دوران اپنی مالی کارکردگی کے اعدادوشمار جاری کیے ہیں جن کے مطابق کمپنی کو سالانہ آمدن میں 3.9 فیصد کمی ہوئی ہے۔
کمپنی کے پاکستان میں ہیڈآفس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ پاکستان کی معاشی سست روی، مہنگائی اور دیگر مسائل کی وجہ سے عوام کی قوت خرید میں کمی آئی ہے ۔
اجلاس کے بعد 2019 کی مالی کارکردگی کا اعلان کیا گیا، کمپنی کو 2019 کے اختتام پر 116 ارب روپے آمدن ہوئی ہے جو کہ 2018 میں ہونے والی آمدن سے 3.9 فیصد کم ہے ۔
کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال حکومت نے پائوڈر ملک پر سیلز ٹیکس میں اضافہ کردیا اور دیگر مصنوعات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھا دی تھی جس کے اثرات کمپنی کی سالانہ آمدن پر پڑے۔ عوام کی قوت خرید میں کمی اور کمپنیوں کے مابین مسابقت میں اضافہ بھی 2019ء میں سالانہ آمدن اور منافع پر اثر انداز ہوا۔
تاہم نیسلے پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے صارفین کیلئے بہترین اور معیاری مصنوعات متعارف کراتے رہیں گے تاکہ اپنے کسٹمرز کے طرز زندگی کو بہتر بنانے میں حصہ ڈالا جا سکے، کمپنی نے اپنی مصنوعات بڑھانے کا بھی عندیہ دیا ہے۔
گزشتہ سال نیسلے پاکستان کی جانب سے نیسلے ایوری ڈے لائٹ ٹی کریمر، نیسلے فروٹ یوگرٹ، نیسلے ملک پیک وائپنگ کریم، نیسلے فروٹا وائٹلز رائل مینگوز، نیسکیفے ریڈی ٹو ڈرنک چِلڈ کافی(Nescafé Ready-to-Drink Chilled Latte)، نیسلے لیکٹوگرو ریکور، نیسلے پیور لائف ایکٹو، نیسکیفے روسٹ اینڈ گرائونڈ کافی اور نیس ٹی ہنی گرین ٹی (Nestea Honey Green Tea) جیسی مصنوعات ایک ہی سال کے اندر متعارف کرائی گئی ہیں۔