اسلام آباد: سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی سی آئی) کے سینئر وائس پریذیڈنٹ افتخار علی ملک نے پاکستانی انٹراپرینیورز پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی معیار کے برانڈز تیار کریں تاکہ ملک کے لیے مزید زرمبادلہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی منڈیوں تک رسائی بھی حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایکسپو 2020 کے ایگزیبیٹرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس کا انعقاد پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس و اسیسریز مینوفیکچررز نے اسلام آباد میں کیا تھا۔
انہوں نے نمایاں برانڈز پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستانی انٹراپرینیورز، کارپوریٹ سیکٹر اور خصوصاً کامیاب کاروباری نوجوان برانڈز تخلیق کرنے پر توجہ دیں۔
افتخار علی ملک نے کہا، گلوبل مارکیٹنگ کے مستقبل کے چیلنجوں سے پیش آنے کے لیے اداروں کا مل کر کام کرنا اور ادارہ جاتی یکجائی کو سائنسی خطوط پر مضبوط کیا جائے تاکہ گلوبل مارکیٹنگ کے تناظر میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبہ کو اپنی بقا کے لے جنگی بنیادوں پر اپنے برانڈز قائم کرنے کے لے میدان میں اترنا پڑے گا کیوں کہ دوسری صورت میں پڑوسی ملک عالمی منڈیوں پر اپنا غلبہ قائم رکھیں گے۔