اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحتی مقامات کا گھر ہے جہاں سیاحت کے بہت امکانات ہیں ، ٹورازم کے شعبے کی ترقی سے ملکی معیشت نہ صرف بہتر ہو گی بلکہ بہت سے مقامی لوگوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار ملک میں ماحول دوست سیاحت کے فروغ سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا، پنجاب، اور شمالی علاقہ جات میں واقع تاریخی عمارتوں کی نئے سرے سے تزئین و آرائش اور حفاظت کے لیے سیاحت کے فروغ پر زور دیا گیا۔
انہوں نے اجلاس میں سیاحتی فروغ کےلیے ماحولیاتی تحفظ، قدرتی حسن، مقامی قدروں اور روایات کو مدِ نظر رکھ کر پالیسی بنانے پر زور دیا۔ عمران خان نے آئندہ مہینوں میں سیاحوں کو بہترین بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے پالیسی بنانے کی ہدایات کردی ہیں۔
وزیراعظم نے سیاحت کے فروغ کے لیے خیبر پختونخوا ، پنجاب اور بلوچستان کے سیاحتی مقامات سے متعلق آئندہ چھ ہفتوں میں ماسٹر ویژن پلان تیار کر کے مکمل کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔
ماسٹر ویژن پلان سیاحتی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور ملک میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے مدد گار ثابت ہو گا۔
عمران خان نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو صوبے میں حکومتی ریسٹ ہاؤسز کی بحالی کا عمل مکمل کرنے اور صوبے میں سیاحت کی ترقی کے لیے نجی شعبے کے حوالے کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
افسران نے وزیراعظم کو بتایا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحتی مقامات کے زونز بنانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور تین زونز غذر، استور اور گلگلت بلتستان کے ضلع شگر میں سیاحت کی ترقی کے لیے مکمل کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کو افسران کی جانب سے بتایا گیا کہ شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کے لیے تاریخی عمارتوں کی رینوویشن اور حفاظت کے لیے آغا خان فاؤنڈیشن سے مدد طلب کی گئی ہے۔