امریکی کمپنی پاکستان میں بائیومیڈیکل آلات کا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگائے گی

مینوفیکچرنگ پلانٹ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹیٹ میں لگے گا، دل کی سرجری  کے ڈسپوزایبل آلات، اسٹنٹس اور دیگر طبی سامان تیار کیا جائے گا

1056

لاہور: فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارامریکا کی بائیو میڈیکل انجینئرنگ کمپنی فیڈمک کے تحت سی پیک کے ترجیحی خصوصی اقتصادی زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں بائیومیڈیکل مصنوعات کا پہلا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگائے گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی بائیو میڈیکل انجینئرنگ کمپنی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان مصطفیٰ سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں امریکی کمپنی صرف وہی بائیومیڈیکل مصنوعات یا ڈسپوزایبل مصنوعات تیار کرے گی جو دل کی سرجری یا امراض قلب کے علاج کے لئے استعمال ہورہی ہیں جبکہ بعد ازاں مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے دل کے اسٹنٹس اور دیگر جدید میڈیکل آلات بھی تیار کیے جائیں گے۔

 فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام سے پاکستان کو بائیو میڈیکل آلات کی درآمد پر صرف ہونے والے کروڑوں ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت ہونے کے علاوہ میڈیکل کے شعبہ میں خود انحصاری بھی حاصل ہوگی اور یہ اشیاءدیگر ممالک کو برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی کماسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیے:

امریکی کمپنی ایکسن موبل پاکستان میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری پر تیار ہے، عبدالرزاق دائود

غیر ملکی سرمایہ کار علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے پرجوش

سعودی کمپنی پنجاب میں پیکجنگ سیکٹر میں پانچ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کو تیار

 انہوں نے کہا کہ اس یونٹ کے قیام سے مقامی مارکیٹ میں بائیو میڈیکل آلات کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی جس سے ضرورت مند مریضوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس امریکی کمپنی کے اشتراک سے فیڈمک میں ایک ریسرچ سنٹر بھی قائم کیا جائے گا جس سے پاکستان میں میڈیکل ریسرچ کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فیڈمک امریکی بائیو میڈیکل انجینئرنگ کمپنی کو یونٹ کے قیام کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا جس کا مقصد پاکستان میں بایومیڈیکل انجینئرنگ کی بنیاد رکھنا ہے، اس سے میڈیکل سیکٹر کو ترقی دینے اور مقامی و بین الاقوامی سطح پر چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔

 میاں کاشف اشفاق نے کہاکہ آنے والے دنوں میں دنیا بھر سے سرمایہ کار فیڈمک کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گے تاکہ ہم وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک میں صنعت کاری کو فروغ دے سکیں۔

 انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے، ہم صنعتی شعبے میں نئے سرمایہ کاروں کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ وہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے اس بہت بڑی مارکیٹ کا حصہ بنیں کیونکہ اس سے وسیع تر شراکت داری کے قیام میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ فیڈمک میں کام کرنے والی صنعتوں کو کاروباری آسانیوں کے ساتھ ساتھ اعلیٰ معیار کے بنیادی ڈھانچے ، بلاتعطل بجلی کی فراہمی ، عوامی سہولیات اور خدمات تک فوری رسائی حاصل ہوگی۔

 بعد ازاں ڈائریکٹر امریکن بائیو میڈیکل انجینئرنگ کمپنی نے فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق کے ہمراہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا دورہ بھی کیا۔

ڈاکٹر عثمان نے فیڈمک کے مختلف حصوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور میاں کاشف اشفاق کو اس میگا پراجیکٹ کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے پر مبارکباد پیش کی۔

 ڈاکٹر عثمان نے بین الاقوامی معیار کے مطابق پاکستان میں بائیو میڈیکل انجینئرنگ کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here