لاہور (حسن نقوی): مالی سال 2019ء میں ملکی ٹیکسٹائل کے 100 بڑے برآمد کنندگان نے (یکم جولائی 2018 سے 30 جون 2019) تک 9558 ملین ڈالر کی برآمدات کی ہیں جو مجموعی طور پر (24251 ملین ڈالر) برآمدات کا 40 فیصد ہے۔
اس رپورٹر کو دستیاب ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق، ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز نے اس عرصہ کے دوران 7,342 ملین ڈالرز کی برآمدات کیں جو ٹاپ 100 ایکسپورٹرز کی جانب سے کی جانے والی مجموعی ایکسپورٹس ( 9,558 ملین ڈالر) کا 77 فی صد بنتی ہیں۔
نمایاں برآمد کنندگان
نشاط ملز لمیٹڈ کا مالی سال 2019-20 کی برآمدات کے اعدادوشمارپر قبضہ رہا اور کمپنی نے 353 ملین ڈالر کی مصنوعات بیرون ملک برآمد کیں۔
سٹائل ٹیکسٹائل لمیٹڈ نے سال 2019ء کے دوران 294 ملین ڈالر کی مصنوعات نائک، ایڈیڈاز، کالون کلائن، زارا، ٹومی ہلفگر، لیوائس، جی اے پی اور دیگر دوسری کمپنیوں کو برآمد کیں۔
آرٹسٹک میلنرز لمیٹڈ 273 ملین ڈالر کی برآمدات کرکے تیسرے اور سورٹی انٹرپرائزز 248 ملین ڈالر کی برآمدات کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔
مصدق ذوالقرنین انٹرلوپ لمیٹڈ ملک کی بڑی 10 برآمد کنندگان میں نمایاں رہی، کمپنی نے اسی عرصے کے دوران 238 ملین ڈالر کی جرابیں، ڈینم اور دیگر اشیاء برآمد کیں۔
یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ غیر ملکی تیل و گیس ایکسپلوریشن کمپنی پاکستان میں ایکسپورٹرز لسٹ میں نویں نمبر پر رہی، کمپنی کی جانب سے 227 ملین ڈالر کا کاروبار کیا گیا۔
اسی طرح مسعود ٹیکسٹائل نے مالی سال 2019ء میں ایمازون، جے سی پینی، ایڈیڈاز، پُل اینڈ بئیر، پیوما، جوکی، ریبوک اور دیگر کمپنیوں کو 219 ملین ڈالر کی مصنوعات فروخت کیں۔
واضح رہے ادارہ برائے شماریات (پی بی اے) پاکستان کے مطابق 2019-20 کے پہلے سات ماہ (جولائی سے جنوری) کے دوران 2110.426 ملین روپے کی برآمدات کی گئیں جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت سے 22 فیصد زیادہ تھی، گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ میں برآمدات کا حجم 1728.346 ملین روپے تھا۔
اسی طرح ملکی درآمدات مالی سال 2019-20 کے جولائی سے جنوری تک 4272554 ملین روپے رہی جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران یہ درآمدات 4224292 ملین روپے دیکھی گئی تھیں، اس طرح ملکی درآمدات میں 1.14 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا۔