ایشیائی ترقیاتی بینک 2019 ء میں پاکستان کو ریکارڈ 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کا قرض دیا

460

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے سال 2019 ء میں مجموعی طور پر پاکستان کو مختلف منصوبوں کیلئے 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ رقم بطور قرض فراہم کی ہے جس میں سے ایک ارب 80 کروڑ ڈالر پروگرام کے قرض اور 63 کروڑ 43 لاکھ ڈالر مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے دئیے گئے ہیں۔

ایشیائی بینک کی جانب سے 2019ء کے دوران پالیسی پر مبنی قرض کی مد میں ایک ارب 80 کروڑ ڈالر جاری کیے گئے ہیں جس میں ایک ارب ڈالر فوری بجٹ سپورٹ کے لیے دیے گئے جبکہ 50 کروڑ ڈالر تجارتی مسابقت بہتر بنانےاور خسارے سے نمٹنے کیلئے دیے گئے۔

 بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق حکومت کے غربت مٹاؤ پروگرام ’احساس‘ کے اہم منصوبے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مدد کیلئے 20 کروڑ ڈالر کی اضافی رقم فراہم کی گئی۔

اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کراچی میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سسٹم کے ساتھ جدید توانائی اور موسمیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے 2019 میں سندھ کے لیے 23 کروڑ 50 لاکھ روپے کا قرض منظور کیا، سندھ میں ثانوی تعلیم کے فروغ کے لیے7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے:

پنجاب کے 7 شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ایک کروڑ 50 لاکھ قرض کی منظوری

بجٹ سپورٹ کیلئے پاکستان ایشیائی ترقیاتی بینک سے 3.4 ارب ڈالر قرض فوری لے گا

اس کے ساتھ منظوری سے قبل خیبرپختونخوا میں ‘’سٹی امپرومنٹ پروجیکٹ ‘‘، پنجاب میں آبی وسائل کے  منصوبوں کے لیے 2019 میں ایک کروڑ 73 لاکھ ڈالر منظور کیے گئے۔

زراعت میں اے ڈی بی نے 2 کروڑ 10ڈالر کے اضافی قرضوں کے استعمال سے ٹریمو اور پنجند بیراجوں اور اسلام بیراج کے دائرہ کار میں بڑی تبدیلی کی منظوری دی اور 27 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے جلال پور آب پاشی منصوبے پر کام کا آغاز کیا۔

اس کے ساتھ ترقیاتی بینک نے پنجاب میں ٹیکنالوجی پر مبنی زراعت اور مارکیٹنگ کے فروغ، مارکیٹ ڈیویلپمنٹ اور خرم تنگی واٹر ریسورسز ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کی تیاری کے لیے 51 لاکھ ڈالر کی گرانٹ منظور کی۔

توانائی کے شعبے میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2 ارب 20کروڑ ڈالر کے منصوبوں کی منظوری دی گئی جس میں توانائی کی پیداوار، ترسیل، تقسیم، توانائی کی صلاحیت، توانائی کی تجدید وغیرہ شامل ہے۔

سال 2019 میں اے ڈی بی نے 30کروڑ ڈالر کے پالیسی پر مبنی قرض کا وعدہ کیا جو پاکستان کو مالی استحکام، گورننس اور توانائی انفرااسٹرکچر کی پالیسی رکاوٹیں دور کرنے میں مدد دے گا۔

اسی طرح 2019 کے دوران اے ڈی بی نے مردان تا صوابی ہائی وے کی اپ گریڈیشن کےلیے 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر خیبر پختونخوا حکومت کو دینے کا عندیہ دیا، اسی دوران پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ 20 اضلاع میں سڑکوں سمیت دیگر منصوبوں کی بحالی اور تعمیر نو کا کام مکمل کیا گیا، دریائے جہلم کے دونوں کناروں پر فلڈ پروٹیکشن ڈیک بنائے گئے اور ڈیموں سے سیلابی خطرے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کو اپ گریڈ کیا گیا۔

ایشیائی بینک نے برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل دویلپمنٹ (ڈی ایف آئی دی )کے اشتراک سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کیلئے 10 کروڑ ڈالر کے دو قرضے بھی جاری کیے۔ اس کے علاوہ ایشیائی بینک کا ٹریڈ فنانس پروگرام پاکستان میں 13 بینکوں کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہے ۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here