اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر 35 ارب روپے لاگت کا تحمینہ لگایا گیا ہے، یونیورسٹی کیلئے 50 ایکڑ رقبہ مختص کیا گیا جہاں نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ٹاسک فورس(پی ایس ٹی ٹی ایف) کے تعاون سے بنائے جانے والےاس منصوبے پر ابتدائی طور پر 35 ارب روپے لاگت آنے کا امکان ہے تاہم اس منصوبے کے تجزیے کا مطالعہ کرنا ابھی باقی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کے لیے مشاورت کی گئی۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری، چئیرپرسن پی ایس ٹی ٹی ایف پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان، رکن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر حسین عابدی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اعلیٰ افسران اجلاس میں شریک ہوئے۔ پروفیسرعطاء الرحمان نے اجلاس کے شرکاء کو اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں تین سینٹرز آف ایکسی لینس اور 8 شعبہ جات قائم کرنے کے علاوہ آئی ٹی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے کہا کہ یونیورسٹی میں ایک ہزار سے زائد پی ایچ ڈی اور پوسٹ ڈاکٹریٹ کرنے والوں کے علاوہ 200 فیکلٹی ممبرز کی گنجائش ہو گی۔
وزیر منصوبہ بندی نے وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو پاکستان میں مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے فروغ کے لیے مذکورہ یونیورسٹی میں متعلقہ ٹیکنالوجیز پر توجہ دینے کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کیونکہ یہ ایک اہم ترجیحی منصوبہ ہے اس لیے اس کے قیام میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کے بعد سے متعلقہ وزارتوں کی جانب سے یونیورسٹی کے قیام میں ابتدائی طور پر کام تیز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جولائی 2018ء کے عام انتخابات کی الیکشن مہم کے دوران وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
ابتدائی طور پر حکومت کو یونیورسٹی کے قیام میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ وزیراعظم ہاؤس کا وفاقی دارالحکومت کے انتہائی حساس علاقے اور ریڈ زون میں واقع ہونا ہے، لیکن وزیراعظم عمران خان نے اصرار کیا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں ہی یونیورسٹی بنائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کا کُل رقبہ 100 ایکڑ سے زیادہ ہو سکتا ہے لیکن یونیورسٹی قائم کرنے کے لیے عمارت کے شمال مغربی حصے سے 50 ایکڑ زمین کی ضرورت ہے۔