ایف اے ٹی ایف نےپاکستان کو مزید کچھ عرصہ گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے: چین

ایف اے ٹی ایف کے اکثر ارکان نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کیا ہے، چینی وزارت خارجہ

143

پیرس: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو مزید کچھ عرصہ گرے لسٹ میں ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں اکثر ارکان نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردوں کی فنڈنگ کو روکنے کیلئے خاطرخواہ اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایف اے ٹی ایف کے رکن ممالک نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کے حوالے سے پاکستان کو اپنے ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلئے مزید وقت دیا جائے گا۔

جمعے کو پریس بریفنگ میں جب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان سے ایف اے ٹی ایف اجلاس کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’پاکستان نے دہشتگردوں کی مالی معاونت کو روکنے کیلئے اپنے نظام میں خاطر خواہ بہتری کی ہے جس کا اعتراف 20 فروری کو اختتام پذیر ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں شریک ارکان کی اکثریت نے کیا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کو اپنے ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلئے مزید وقت دیا جائے گا‘۔

یہ بھی پڑھیں:

ہر دبائو کے باوجود ایف اے ٹی ایف  کی گرے لسٹ سے نکلنے میں پاکستان کی بھرپور مدد کریں گے: صدر اردگان  

پاکستان ’بہت جلد ‘ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل آئے گا: دفتر خارجہ

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھارتی میڈیا کی ان رپورٹس کی تردید کی جن میں کہا گیا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر چین کا پاکستان سے متعلق مؤقف تبدیل ہوگیا۔ ترجمان نے کہا کہ  واضح طور پر پاکستان نے ٹیرر فنانسنگ کے خاتمے کیلئے بہت کوششیں کی ہیں اور اس کا اعتراف ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔

گینگ شوانگ نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کا مقصد ہی منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے میں ملکوں کی معاونت کرنا اور ان کے ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے میں مدد دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اس معاملے میں پاکستان کو مزید معاونت فراہم کرنے کیلئے ہم متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں‘۔

اس سے قبل چین کی وزارت خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خاتمے کے لیے بہت زیادہ کوششیں کی ہیں جنہیں پیرس میں جاری اجلاس کے دوران ایف اے ٹی ایف کے اکثر ارکان نے تسلیم کیا ہے‘۔

ٹوئٹ میں کہا گیا کہ چین اور دیگر ممالک اس سلسلے میں پاکستان کو تعاون کی پیشکش کرتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان کو جون 2018 میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ڈالا گیا تھا اور اسے بلیک لسٹ میں جانے سے بچنے کیلئے پلان آف ایکشن دیا گیا تھا جس پر اسے اکتوبر 2019 تک مکمل عمل کرنا تھا۔شمالی کوریا اور ایران پہلے ہی ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پیرس میں ہونے والا ایف اے ٹی ایف کا اجلاس 5 روز جاری رہا جس میں 200 سے زائد مندوبین شریک ہوئے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here