75 فیصد پاکستانی موبائل فون ، 35 فیصد انٹرنیٹ، 17فیصد سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں: رپورٹ

950

لاہور: پاکستان کی 22 کروڑ کی آبادی میں سے 16 کروڑ 40 لاکھ (75 فیصد)سے زائد افراد موبائل فون استعمال کرتے ہیں ،  7 کروڑ 60 لاکھ (35 فیصد)سے زائد انٹرنیٹ صارفین ہیں جبکہ 3 کروڑ 70 لاکھ (17 فیصد)پاکستانی کسی نہ کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے منسلک ہیں۔

ڈیٹا رپورٹل (DataReportal)  کی تحقیق کے مطابق حالیہ سالوں میں پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور تھری جی اور فورجی کی آمد کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی تعداد یکدم اوپر گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ2020ء میں 7 کروڑ 60 لاکھ سے زائد پاکستانی کسی نہ کسی مقصد کیلئے انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں اور اس تعداد میں 2019 کی نسبت 17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جنوری 2020 میں پاکستان کی مجموعی آبادی میں سے 35 فیصد افراد انٹرنیٹ یوزر بن چکے ہیں۔

سوشل میڈیا استعمال کرنے میں پاکستانی کسی سے پیچھے نہیں ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل 2019ء میں کوئی نہ کوئی سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 3 کروڑ 40 لاکھ کے لگ بھگ تھی جو جنوری 2020ء میں 3 کروڑ 70 لاکھ کے لگ بھگ پہنچ چکی ہے، یعنی ایک سال سے بھی کم عرصہ میں 24 لاکھ پاکستانیوں نے سوشل میڈیا اکائونٹس بنائے ہیں۔

اگر مجموعی آبادی کے لحاظ سے بات کریں تو پاکستان کی 17 فیصد آبادی کسی نہ کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے وابستہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:صارفین کی تعداد بڑھنے سے ٹویٹر کو تین ماہ میں ایک ارب ڈالر سے زائد آمدن

یہ بھی پڑھیں:کیا آئی ٹی یو پاکستان کی ایم آئی ٹی بن سکتی ہے؟

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 70 ملین ہوگئی

اسی طرح اگر موبائل فون صارفین کی بات کریں تو رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ16 کروڑ 40 کے لگ بھگ پاکستانی موبائل فون استعمال کرتے ہی،یہ اعدادوشمار جنوری 2020 تک ہیں، جنوری 2019 کے بعد موبائل فون استعمال کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 96 لاکھ (6.2فیصد)کا اضافہ ہوا ہے۔

آبادی کے لحاظ سے دیکھا جائے تو پاکستان کی مجموعی آبادی میں سے 75 فیصد کے پاس کسی نہ کسی ماڈل کا موبائل ضرور موجود ہے۔

اسی طرح عالمی اعدادوشمار پر نظر ڈالی جائے تو 2020ء میں دنیا بھر میں 5.19 ارب افراد موبائل فون استعمال کر رہے ہیں، یوں دنیا کی کل آبادی کا 67 فیصد بنتے ہیں۔

دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 4.54 ارب ہے جو دنیا کی مجموعی آبادی کا 59 فیصد بنتی ہے جبکہ دنیا بھر میں 3 ارب 80 کروڑ افراد کسی نہ کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے منسلک ہیں۔

دنیا بھر میں فیس بک استعمال کرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور 2.4 ارب افراد فیس بک استعمال کر رہے ہیں، اسی طرح 2 ارب افراد وٹس ایپ استعمال کرتے ہوئے روزانہ ارب میسجز کرتے ہیں۔

دنیا میں یوٹیوب استعمال کرنے والوں کی تعداد بھی 2 ارب کے لگ بھگ ہے اور ان میں سے 79 فیصد افراد کے ذاتی یوٹیوب اکائونٹس موجود ہیں، دنیامیں 35 سے 65 سال کے درمیان عمر والے 340 ملین افراد روزانہ ٹویٹر استعمال کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں موبائل فون صارفین کی سب سے زیادہ تعداد چین میں  ہے، اس کے بعد بھارت اور پھر امریکا کانمبر آتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here