کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے کے دوران 74 ملین ڈالر (سات کروڑ چالیس لاکھ ڈالر) کا اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق 14 فروری کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کا حجم 12.5 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، یوں ایک ہفتے میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 74 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
اس وقت سٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کا مجموعی حجم 18.747 ارب ڈالر ہے۔ 14 فروری کو کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کا حجم 6.242 ارب ڈالر تھا۔
دوسری جانب سٹیٹ بینک نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران خدمات کے شعبہ کی اوسط شرح نمو سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق مجموعی طور پر پانچ سالوں کے دوران اوسط شرح نمو 5.5 فیصد رہی ہے ۔
مالی سال 2017ء کے دوران خدمات کے شعبہ کی شرح نمو میں ریکارڈ 6.5 فیصد اضافہ ہوا تھاجبکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران شعبہ کی سب سے کم شرح نمو مالی سال 2015ء میں 4.4 فیصد رہی تھی۔
مالی سال 2016ء میں شعبہ کی شرح ترقی 5.7 فیصد رہی تھی جبکہ مالی سال 2017ء کے دوران 6.5 فیصد کی ریکارڈ سطح تک بڑھ گئی۔
اس طرح مالی سال 2018ء کے دوران بھی خدمات کے شعبہ کی شرح ترقی 6.3 فیصد رہی تھی جبکہ گزشتہ مالی سال 2019کے دوران شرح نمو 4.7 فیصد تک کم ہو گئی۔
رواں مالی سال 2020ء کے لئے خدمات کے شعبہ کی شرح نمو کا ہدف 4.8 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔