پنجاب، خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے 36 ملین پائونڈ کی فنڈنگ

858

لاہور: خواتین کو خودمختار بنانے کے لیے برطانوی ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (DFID) پنجاب حکومت کو وومن انکم گروتھ اینڈ سیلف ریلائنس (ونگز) پروگرام کے تحت 36 ملین پائونڈ دے گا۔

اس حوالے سے پنجاب حکومت کے پلاننگ و  ڈویلپمنٹ بورڈ کے سربراہ حمید یعقوب اور ڈی ایف آئی ڈی  کے اکنامک گروتھ پروگرام کی سربراہ انقیٰ بٹ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جب کہ اس موقع پر پلاننگ و ڈویلپمنٹ بورڈ کے رُکن خالد سلطان اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی چیف ایگزیکٹو افسر شہنشاہ فیصل بھی موجود تھے۔

ونگز پروگرام کا مقصد نہایت غریب خواتین کو ایک بہتر گزر بسر، خوشحالی اورخود انحصاری کے لیے سماجی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

200 مزید بڑھیں: ارب روپے کا احساس کفالت پروگرام شروع، وزیر اعظم نے خواتین میں کفالت کارڈ تقسیم کیے

اس پروگرام کے تحت بہت سے ذیلی ادارے قائم کیے جائیں گے جب کہ پالیسی کے تناظر میں بھی اصلاحات متعارف کروائی جائیں گی تاکہ خواتین کو اس قابل کیا جاسکے کہ وہ سماجی تحفظ کے دائرہ کار میں آ جائیں اور آمدن کے حصول کی سرگرمیوں سے منسلک ہو جائیں۔

یہ پروگرام ڈی ایف آئی ڈی پاکستان کے مقاصد پر پورا اترتا ہے جس کے تحت سماجی تحفظ، تخفیفِ غربت، صنفی توازن اور پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کا حصول شامل ہے۔

 اس رپورٹر سے بات کرتے ہوئے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ایک رکن نے آگاہ کیا کہ یہ پراجیکٹ بہت زیادہ غربت کا سامنا کرنے والے علاقوں میں شروع کیا جائے گا جن میں بہاول نگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، لیہ، لودھراں، میانوالی، مظفر گڑھ، رحیم یار خان اور راجن پور شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: احساس کفالت پروگرام، مستحق خواتین کو بائیومیٹرک اے ٹی ایم کارڈز فراہم کرنے کا منصوبہ

پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سربراہ حمید یعقوب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایف آئی ڈی 36 ملین پائونڈ کے فنڈز فراہم کرے گا جن میں سے 28.5 ملین پائونڈ معاشی اور 7.5 ملین پائونڈ تکنیکی معاونت کے لیے مختص ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا، اس پروگرام پر عملدرآمد کی ذمہ دار پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی ہو گی۔

ڈی ایف آئی ڈی کے اکنامک گروتھ گروپ کی ہیڈ انقیٰ بٹ نے بات کرتے ہوئے کہا، ونگز احساس پروگرام کے چوتھے ستون میں معاونت فراہم  کرے گا جو روزگار اور گزر بسر سے متعلق ہے۔

مزید پڑھیں: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کاروباری خواتین کیلئے 2خصوصی سکیموں کا آغاز کر دیا

انہوں نے کہا، جیسا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا پنجاب احساس پروگرام کے وسیع تر معاشی اصلاحی ایجنڈے کا ایک بنیادی ہدف ہے، ونگز بھی معاشی مواقع کی فراہمی کے لیے محروم گروہوں کو مواقع فراہم کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here