گوادر: 10 ارب ڈالر مالیت کی سعودی آرامکو ریفائنری کے لیے اراضی کے حصول کا عمل جاری

685

کراچی: گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل شاہزیب خان کاکڑ نے کہا ہے کہ گوادر میں شروع ہونے جا رہے آئل سٹی پراجیکٹ میں اربوں ڈالر مالیت کی ریفائنری بھی شامل ہو گی۔

خبر رساں ادارے عرب نیوز کے مطابق، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگلے چند ماہ میں 10 ارب ڈالر مالیت کی سعودی آئل ریفائنری اور ایک ارب ڈالر مالیت کے پیٹروکیمیکل کمپلیکس کے منصوبوں کے لیے اراضی کے حصول کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

مزید پڑھیں: گوادر میں دنیا کی تیسری بڑی آئل ریفائنری تعمیر ہوگی

شاہزیب خان کاکڑ نے کہا، آئل ریفائنری کے لیے اراضی کے حصول کا عمل کوئٹہ میں صوبائی حکومت کے محکمہ ریونیو کے ساتھ مل کر جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا، سعودی عرب اور پاکستان نے گزشتہ برس سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران 21 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے سات معاہدوں پر دستخط کیے تھے جن میں آرامکو ریفائنری بھی شامل ہے۔ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ آئل ریفائنری ممکنہ طور پر ڈھائی لاکھ سے تین لاکھ بیرل تیل ریفائن کرنے کی اہلیت کی حامل ہوگی۔

مزید پڑھیں: حکومت کی ریفائنریز کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت

واضح رہے کہ گوادر چین پاکستان معاشی راہداری کا اہم ترین مقام ہے اور چین پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here