لاہور: پنجاب کے شہریوں کو چالان جمع کرانے کیلئے بینکوں میں جاکر گھنٹوں تک قطاروں میں کھڑے ہونے کے جھنجھٹ سے جلد ہی چھٹکارامل جائے گا کیونکہ پنجاب پولیس آن لائن چالان کی ادائیگی کیلئے ’’ ای پیمنٹ ایپ‘‘ متعارف کروا دی ہے۔
چالان کی ادائیگی کے موجودہ نظام میں شہریوں کو سب سے پہلے بینک جا کر چالان کی ادائیگی کرنا پڑتی ہےجس کے بعد انہیں اپنے کاغذات حاصل کرنے کے لیے انہیں ٹریفک پولیس کے دفاتر جانا پڑتا ہے۔
لیکن اب پنجاب پولیس نے اس مرحلے کو آسان بنانے کے لیے آن لائن چالان جمع کرانے کے لیے موبائل ایپ تیار کر لی ہے۔
اس حوالے سے انسپکٹر جنرل (آئی جی)پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا کہ یہ شہریوں کے لیے ایک اہم اقدام ہے کیونکہ یہ ایپ شہریوں کو موجودہ نظام کی رکاوٹوں سے آزاد کردے گی۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لیاقت علی ملک کے مطابق ایپ دیگر تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ آن لائن منسلک ہوگی اور اس سے شہریوں کو چالان کی ادائیگی میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی اور ان کا وقت ضائع نہیں ہوگا۔
فی الحال’ای پیمنٹ ایپ‘ کو ابتدائی طور پر نیو انارکلی ٹریفک سیکٹر کے شہریوں کے لیے آزمائشی طور پر متعارف کروایا گیا ہے اور یہ عمل مکمل ہوتے ہی ایپ کو دیگر علاقوں میں بھی متعارف کروایا جائے گا۔