اسلام آباد: وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ملک میں خود کو تحقیق و ڈویلپمنٹ کے لیے تیار کر رہی ہے اور اس کی توجہ بالخصوص بائیوٹیکنالوجی اور کیمیکل پروڈکشن کے شعبوں پر ہے تاکہ کیمیکلز کی برآمد کا حجم ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکے۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزارت کی جانب سے تیار کیے گئے پروپوزل میں تاجر برادری، مختلف جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون پیدا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا، وزارت کیمیکلز اور بائیو ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تحقیق کے فروغ کے لیے خصوصی معاشی زونز قائم کرنے کی تجویز پربھی کام کر رہی ہے جو ابتدائی طور پر ملک کے بڑے شہروں میں قائم کیے جائیں گے۔
فواد چودھری نے مزید کہا، اس فیلڈ میں تحقیق و ڈویلپمنٹ کے باعث ناصرف مقامی پیداوار کا معیار بہتر ہوگا بلکہ ایکسپورٹس کے ذریعے بیرونی زرمبادلہ حاصل کرنے کے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا، اس حوالے سے ایک پائلٹ پراجیکٹ جلد شروع کر دیا جائے گا۔
ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے منصوبے سے ممکنہ طور پر منسلک امکانات کو سراہا اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی برآمدات بڑھانے اور کاروباری نوعیت کے حامل تحقیقی منصوبے شروع کرنے کے تناظر میں اختراعی آئیڈیاز پیش کرنے پر تعریف کی۔
انہوں نے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کو ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
دوسری جانب، وزیراعظم کے مشیر خرانہ ڈاکٹرعبدالحفیط شیخ سے فنانس ڈویژن میں مٹسوبشی کارپوریشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے مشیر خزانہ کو اپنے نئے ایل این جی ٹرمینل کے بارے میں آگاہ کیا جو اس وقت پورٹ قاسم میں زیرِتعمیر ہے۔