پنجاب حکومت کی وفاق سے پیاز، سرخ مرچوں کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کی درخواست

915

اسلام آباد: حکومت پنجاب نے وفاق سے پیازوں اور سرخ مرچوں کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے یہ درخواست آنے والے مہینوں میں ممکنہ قلت پیدا ہونے کے خطرے کے پیش نظر کی ہے۔

مزید پڑھیں: آٹے کے بحران میں ملوث 28 ملوں کے لائسنس معطل، لاہور ہائیکورٹ میں رپورٹ پیش

قبل ازیں، پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کو گندم اور چینی کے بحران کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس حوالے سے اب ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی سربراہی میں ایک کمیٹی اس سارے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔

ذرائع نے حکومتِ پنجاب کی درخواست موصول ہونے کے بعد کہا ہے کہ وزیراعظم نے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی و ریسرچ کو ایک ہفتے میں اس معاملے کا جائزہ لینے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ حالات کو قابو میں رکھا جا سکے۔

وزیراعظم کے دفتر نے وزارت سے ایڈیشنل سیکرٹری کی ایک اور پوسٹ تخلیق کرنے کا بھی کہا ہے تاکہ ان چیلنجوں سے نمٹا جا سکے۔

یہ ذکر کرنا نہایت اہم ہے کہ گزشتہ 10 برسوں سے وزارت خوراک نظرانداز ہوتی  رہی ہے اور اس میں اس وقت شدت پیدا ہوئی جب زرعی معاملات صوبوں کے حوالے کیے گئے۔ اس وقت وزارت میں محض ایک ایڈیشنل سیکرٹری کام کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، مزید بھرتیوں کے علاوہ وزیراعظم کے دفتر نے وزارت کو خصوصی سیل قائم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ مستقبل میں خوراک کی ناگزیر اشیا کی طلب و رسد کا بروقت اندازہ لگانا ممکن ہو سکے۔

مزید پڑھیں: کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے وزیراعظم کا ایمرجنسی پروگرام متعارف

دریں اثنا، ذرائع نے کہا ہے کہ وزیراعظم آفس نے وزارت داخلہ کے علاوہ صوبائی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ خوراک میں ملاوٹ کے معاملات سے پیش آنے کے لیے قومی ایکشن پلان تشکیل دیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here