اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان منگل (کل) کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں وہ ممکنہ طور پر فرحان شفیع کو پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) کا منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کرنے کی اجازت دے دیں گے۔
پی ایم ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر کے لیے قومی اخبارات میں 15 ستمبر 2019 کو اشتہار شائع ہوا۔ پی ایم ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ابتدائی سکریننگ پراسیس کے بعد 43 ایسے امیدوار تلاش کیے جو ملازمت کی شرائط پر پورا اترتے تھے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بعدازاں دو کمیٹیاں تشکیل دیں جنہوں نے امیدواروں کے انٹرویو کرنے کے بعد حتمی انٹرویو کے لیے 14 امیدواروں کا انتخاب کیا۔
پی ایم ڈی سی کے بورڈ کے 187 ویں اجلاس میں شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کے انٹرویو کیے گئے اور مزید پانچ امیدوار شارٹ لسٹ کیے گئے جن میں فرحان شفیع، فیصل بشیر گل، شکیل احمد شیخ، شہباز خان اور زاہد مقصود شامل ہیں جن کی فہرست ایم ڈی، سی ای او کے طور پر تعیناتی کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کر دی گئی۔
پبلک سیکٹر کمپنیز(کارپوریٹ گورننس) کے قوانین کے تحت بورڈ امیدواروں کا چیف ایگزیکٹو افسر کی تعیناتی کے لیے عہدے کے لیے درکار ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کم از کم تین امیدواروں کے نام اجازت کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کرتا ہے۔
پی ایم ڈی سی بورڈ کی جانب سے سفارشات موصول ہونے کے بعد دستاویز کے تحت پیٹرولیم ڈویژن نے ہر امیدوار کی قابلیت، مہارت اور متعلقہ تجربے کا جائزہ لیا اور ان امیدواروں کو ایم ڈی، سی ای او کے عہدے کے لیے موزوں پایا۔ اس حوالے سے سمری اجازت کے لیے وزیراعظم کو ارسال کر دی گئی۔ وزیراعظم نے مشاورت کے لے متعلقہ امیدواروں کے نام انٹیلی جنس بیورو کو ارسال کر دیے۔
دستاویزات کے مطابق، انٹیلی جنس بیورو نے زاہد مقصود کی معاشی معاملات میں عدم شفافیت اور اپنی موجودہ ملازمت (پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر) میں توسیع کے لیے سیاسی تعلقات کے استعمال پر سنجیدہ نوعیت کے سوالات اٹھائے جس کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے چار امیدواروں فرحان شفیع، فیصل بشیر گل، شکیل احمد شیخ اور شہباز خان کے نام وفاقی کابینہ کو تعیناتی کے لیے ارسال کر دیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرحان شفیع کا پیٹرولیم انڈسٹری میں انتظامی عہدوں پر کام کرنے کا 24 برس کا تجربہ ہے جنہوں نے جائزے کے عمل کے دوران سب سے زیادہ مارکس حاصل کیے۔ ذرائع کے مطابق، یہ امکان موجود ہے کہ کابینہ ممکنہ طور پر پی ایم ڈی سی کے ایم ڈی، سی ای او کے طور پر ان کا نام فائنل کر دے گی۔