لاہور(نیوز ڈیسک): نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ(این ٹی ڈی سی) نےفیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی بہتر ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے 500 کلو واٹ اور 200 کلو واٹ کے گرڈ سٹیشنز میں آٹو ٹرانسفارمرز نصب کیے جائیں گے۔
این ٹی ڈی سی نے کہا ہے کہ کمپنی نے 220 کلواٹ کے غازی گرڈ سٹیشن میں 250 ایم وی اے ٹرانسمیٹر نصب کیا ہے جس کے ذریعے سے بجلی کے ترسیلی نظام پر لوڈ ختم ہونے کے ساتھ لیسکو صارفین کو بغیر کسی رکاوٹ مکمل وولٹیج فراہم ہو گی۔
کمپنی نے بجلی کے نظام میں رکاوٹ دور کرنے کا ایک منصوبہ بنایا ہے جو تین مرحلوں میں مکمل ہو گا جس سے کم وولٹیج اور بجلی کے نظام سے منسلک خطرات سے نمٹا جائے گا۔
ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی کم پیداوار کی وجہ سے لوڈ سے متعلق مسائل سےنمٹنے کیلئے جنوری 2020ء میں 500 کلوواٹ کے جامشورو گرڈ سٹیشن میں پہلے مرحلے میں 450 ایم وی اے کے ٹرانسمیٹر نصب کیے گئے۔
ترجمان این ٹی ڈی سی نے کہا ہے کہ 500 کلوواٹ کے بکھی لاہور ٹرانسمیشن لائن ،220 کلوواٹ راوی لاہور ٹرانسمیشن لائن اور 200 کلوواٹ کی راوی شالیمار ٹرانسمیشن لائن پر کام جاری ہے جو جلد مکمل کر کے ترسیلی نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔