
اسلام آباد: پاکستان اور ترکی نے عسکری تربیت، توانائی ، پٹرولیم مصنوعات، ریلوے، ٹرانسپورٹ ، پوسٹل سروسز، سیاحت ، ثقافت سمیت 13 ایم او یوز پر دستخط کیے۔
وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردگان کی زیر قیادت پاکستان اور ترکی کی اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کا اجلاس ہوا جس میں مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور ترکی ایرو اسپیس انڈسٹریز کے مابین باہمی تعاون کے معاہدے پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے دستخط کیے۔

یہ بھی پڑھیں:ہر دبائو کے باوجود ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں پاکستان کی بھرپور مدد کریں گے: صدر اردگان
تجارت میں سہولت کاری کی مفاہمتی یادداشت اور دونوں ملکوں کے درمیان پوسٹل سروسز کے شعبہ میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے دستخط کیے۔
ریلویز کے شعبہ میں مفاہمت کی یادداشت پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دستخط کیے جبکہ عسکری تربیت کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے دستخط کیے۔

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی )اور ترک ٹی وی ٹی آر ٹی کے مابین بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے دونوں ادارے ملکر کام کریں گے۔

اس موقع پر پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر منظور جبکہ ریڈیو کے شعبہ میں ڈی جی پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ثمینہ وقار نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور ترکی نے سٹریٹجک اکنامک فریم ورک پر باضابطہ دستخط کر دیئے
توانائی کے شعبہ میں وفاقی وزیر برائے توانائی عمرا یوب خان اور انکے ترک ہم منصب فتح دونمز نے ایم او یو پر دستخط کیے جس کا مقصد توانائی کے ذرائع کی دریافت و پیداوار کے مشترکہ منصوبوں پر کام کرنا اور قدرتی گیس اور ایل پی جی کے شعبوں میں جدید ترین ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے۔

ایم او یو کے بعد پاکستان اور ترکی کے مابین سائنس و ٹیکنالوجی کے علاوہ دیگر شعبوں خاص کر تجارت میں تعاون کو فروغ ملے گااور ہائیڈروکاربنز، تیل صاف کرنے کے نئے کارخانے لگانے، موجودہ کارخانوں کو اپ گریڈ کرنے ، تیل و گیس کی ترسیل کیلئے پائپ لائنز ، سٹوریج ٹینکس اور ٹرمینلز بنانے کیلئے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔
اس سلسلے میں پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او)اور ترکش پٹرولیم انٹرنیشنل کمپنی (ٹی پی آئی سی) پٹرولیم مصنوعات کی تجارت کیلئے ایک دوسرے کیساتھ تعاون کریں گے۔
اسکے علاوہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)، پاکستان پٹرولیم اور ترکی کی ٹی پی اے او (Turkiye Petrolleri Anomium Ortakligi) پٹرولیم انجنئیرنگ کے شعبوں میں ایک دوسرے کیساتھ تعاون کو فروغ دیں گی ۔
مشترکہ پریس کانفرنس
بعدازاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر صدر اردگان کے شکر گزار ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے تجارتی تعلقات میں نیا دور آرہا ہے۔ ترکی کی ترقی سے سیکھنا چاہتے ہیں۔
