لندن: برطانیہ کے پاکستانی نژاد وزیرخزانہ ساجد جاوید اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ انکی جگہ بھارتی نژاد رشی سونک کو برطانیہ کا نیا وزیر خزانہ بنایا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مستعفی وزیر خزانہ ساجد جاوید نے وزیراعظم بورس جانسن کو ایک خط میں کہا ہے کہ وہ اپنے خاندان اور حلقے میں ووٹرز کو زیادہ سے زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔
ساجد جاوید نے بورس جانسن اور ان کی کابینہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں پچھلی نشستوں پر بیٹھ کر بھی حکومت کی مکمل مدد کریں گے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ساجد جاوید کی جگہ بھارتی نژاد رشی سوناک کو نیا وزیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے جو اس سے قبل چیف سیکرٹری خزانہ (نائب وزیر) کی حیثیت سے کام کررہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق ساجد جاوید کے استعفیٰ کی وجہ وزیر اعظم بورس جانسن کی جانب اپنے تمام مشیروں کو برخاست کرنے سے انکار ہے۔
برطانوی میڈیا میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ساجد جاوید نے وزیراعظم بورس جانسن کے مشیر سے اختلاف کی وجہ سے استعفیٰ دیا ہے۔ اس کے علاوہ بورس جانسن کی جانب سے کابینہ میں مزید تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔
رشی سونک کون ہیں؟
سُونک 2015 سے برطانیہ میں یارکشائر کے رچمنڈ علاقے سے برسراقتدار کنزرویٹو پارٹی کے رکن پارلیمان ہیں۔ وہ برطانیہ کے شہر نارتھلیرٹن کے نواح میں کربی سگسٹن میں رہتے ہیں۔
