کراچی: فلپائن کے تین جزیروں کی ملکہ سلطانہ ماریہ نے کراچی کا پانچ روزہ فلاحی دورہ مکمل کر لیا ہے، وہ ایک شہری اور فلاحی ٹرسٹ کی دعوت پر کراچی آئی تھیں۔
عرب نیوز نے خبر دی ہے کہ انہوں نے اپنے دورے کے دوران امریکی غیر سرکاری تنظیم We Care for Humanity کی مقامی شاخ کھولی اور یہ عہد کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی کے لیے اس کی سفیر کا کردار ادا کریں گی۔
سلطانہ ماریہ نے ملک کے شمالی علاقہ جات کی بہتری کے لیے پروگرام فری لینڈ ٹورازم سے بھی متعارف کروایا۔ بیرون ملک بہت سے مختلف تصورات (پاکستان کے بارے میں) پائے جاتے ہیں اور حقیقت یکسر مختلف ہے۔
سلطانہ ماریہ نے مزید کہا، میرے لیے یہ پہلو حقیقتاً حیران کن ہے کہ پاکستان کے لوگ پرسکون، پرامن اور دوستانہ مزاج کے حامل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا، جیسا کہ کہا جاتا ہے، یہ میزبانوں کی سرزمین ہے جو میرے خیال میں دو سو فی صد درست ہے۔ میری نہایت شاندار لوگوں سے ملاقات ہوئی ہے اور وہ ہمارے ساتھ ہمارے فلاحی مشن میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔ میں ان لوگوں میں سے ایک ہوں جو پاکستان کے فطری حسن کو دنیا بھر میں پروموٹ کروں گی۔
ماریہ سلطانہ کے دورہ پاکستان کا بنیادی مقصد ماحولیات کا تحفظ تو ہے ہی بلکہ اس کے ساتھ ہی کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا نظام، تعلیم، صحت اور خواتین کو بااختیار بنانا بھی ان کے پیشِ نظر ہے۔ انہوں نے کہا، عوامی شخصیات اور شاہی خاندانوں کے نمائندے سماجی معاشی منصوبوں کے ممکنہ سرمایہ کار ہوتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا، وہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کو لے کر آئیں گی جو تعلیم، صحت اور ماحولیاتی تبدیلی کے منصوبوں میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا، میں صاف ماحول کے لیے اپنے ساتھ ایک پروگرام آر ڈی ایف (ریفیوز ڈرائیوڈ فیول) لے کر آئی ہوں۔ میں کوئلے کے متبادل کے طور پر ترقی پذیر ملکوں کو آر ڈی ایف عطیہ کروں گی کیوں کہ سیارے کو تباہ کرنے میں کوئلے کا کردار نہایت اہم ہے۔
سلطانہ ماریہ نے کہا، ہم نے کراچی سے آغاز کیا ہے اور ہم پروگرام کا دائرہ کار اسلام آباد اور پاکستان بھر میں پھیلائیں گے۔
لیکن ثقافت، فطری مناظر اور لوگوں سے زیادہ یہ خوراک تھی جس نے بہ ظاہر ملکہ کا دل جیت لیا۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، میرا خیال ہے، کراچی کے دورے کے بعد میرے وزن میں 10 پائونڈ اضافہ ہوا ہے۔