اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی و پیٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ حکومت جنریشن، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے ذیلی شعبوں میں 80 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے مواقع کی پیشکش کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے یہ انکشاف گلوبل پاور سنرجی تھائی لینڈ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
وفاقی وزیر نے وفد کو توانائی کے شعبہ میں ہونے والی پیشرفتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور ان سے کہا کہ وہ جنریشن، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔
انہوں نے کہا، قابل تجدید توانائی کے حوالے سے نئی پالیسی کی تشکیل کے باعث توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے تناظر میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
عمر ایوب خان نے کہا، مسابقتی بڈنگ کے اصول کے باعث تمام ٹرانزیکشنز میں زیادہ سے زیادہ شفافیت کو یقینی بنانا ممکن ہے اور بجلی کے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔