کراچی (مانیٹرنگ رپورٹ):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ منگل کو اسلام آباد میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ مجھے ان مشکلات کا ادراک ہے جن کا تنخواہ دار طبقے سمیت مجموعی طور پر عوام کو سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہو جائے، میری حکومت منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کے لیے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی‘۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام متعلقہ حکومتی ادارے آٹے اور چینی کی قیمتوں کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں، قیمتوں میں اضافے کے اسباب کی جامع تحقیقات کا آغاز کرچکے ہیں، تحقیقات مکمل ہو جانے کے بعد ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔
دوسری جانب ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی اے) نے کہا ہے کہ ملک میں فروری کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.21 فیصد تک مزید اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجےمیں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 16 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
پی بی اے کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کوکنگ آئل، گھی، پیاز اور گڑ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ دال مونگ اور دال مسور کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا، جبکہ دودھ سمیت ستائیس اشیا کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لہسن کی قیمت 70 روپے اضافے کے ساتھ 375 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جن اشیائے خورونوش میں گزشتہ ہفتے کمی ریکارڈ کی گئی ان میں ٹماٹر، انڈے ، آلو، ایل پی جی، آٹا، چکن، دال چنا اور دال ماش شامل ہیں۔