مسلم لیگ ن کا مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کا اعلان

863

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی اقتصادی مشاورتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی ناقص معاشی کارکردگی، بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات اور گندم ، آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافے پر بات چیت کی گئی۔

مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں مہنگائی کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا اوراس سلسلے میں پارلیمنٹ کے باہر بھی ایک احتجاجی کیمپ بھی لگایا جائے گا۔

اسکے علاوہ  تاجروں اور کاروباری افراد کے ساتھ رابطے بڑھا کر کانفرنسز اور سیمینارز کے ذریعے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔

واضح رہے کہ چند  روز قبل اداراہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) نے مہنگائی کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کی تھی جس میں میں کہا گیا تھا کہ جنوری 2020ء میں مہنگائی کی شرح 14.56 فیصد پر رہی جو کہ ملکی تاریخ میں بلند ترین ہے۔

ادارہ برائے شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 10 اشیاء کی قیمیتوں میں 0.36 فیصد کی معمولی کمی ہوئی جبکہ 27 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

7 فروری کو عالمی جریدے اکانومسٹ کے انٹیلی جنس یونٹ نے بھی پاکستان میں مہنگائی کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دسمبر 2010 کے بعد 2019ء میں مہنگائی کی شرح میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے جبکہ 2020کے پہلے مہینے میں بھی اکثر اشیائے  خورونوش کی قیمتوں میں غیر متوقع اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری میں مہنگائی کی شرح 2019 کی اوسط مہنگائی سے زائد اور دسمبر 2010 ء کے بعد بلند ترین رہی اور آئندہ بھی زیادہ رہے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here