صارفین کی تعداد بڑھنے سے ٹویٹر کو تین ماہ میں ایک ارب ڈالر سے زائد آمدن

ٹویٹر کو مالی سال2019ء کی چوتھی سہ ماہی کے دوران  1.01 ارب ڈالر آمدن ہوئی، کمپنی نے 996.7 ملین ڈالر آمدن کا ہدف طے کر رکھا تھا

627

سان فرانسسکو: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کو صارفین کی تعداد اور اشتہارات میں اضافے کی وجہ سے ایک سہ ماہی کے دوران پہلی بار تمام تر  تخمینوں سے زیادہ آمدن ہوئی ہے۔ 

برطانوی اخبار دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق ٹویٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انہیں مالی سال2019ء کی چوتھی سہ ماہی کے دوران  1.01 ارب ڈالر آمدن ہوئی جبکہ کمپنی نے خود 996.7 ملین ڈالر آمدن کا ہدف طے کر رکھا تھا۔

نیو یارک سٹاک ایکسچینج میں کمپنی کے شئیرز میں بھی 8 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ 

قبل ازیں اکتوبر میں ٹویٹر کے شئیرز کی قیمتیں غیر متوقع طور پر 20 فیصد سے زائد گر گئی تھیں جس پر کمپنی نے الزام عائد کیا تھا کہ انکی موبائل ایپ پر اشتہارات میں بگ کے ذریعے کمی کی گئی۔

ٹویٹر کو اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدن چوتھی سہ ماہی کے دوران 12 فیصد سے بڑھ کر 885 ملین ڈالر رہی جبکہ صرف امریکہ سے اشتہارات کی مد میں آمدن میں 509 ملین ڈالر یعنی سالانہ 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ٹویٹر کی بین الاقوامی اشتہارات سے آمدن کی مد میں سالانہ بنیاد پر 3 فیصد کے حساب سے 375 ملین ڈالر اضافہ ہوا جبکہ چوتھی سہ ماہی کے دوران 12 فیصد کے حساب سے 885 ملین ڈالر اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق روزانہ 152 ملین (15 کروڑ سے زائد)صارفین نے ٹوئٹر کا استعمال کیا  جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہے۔

ٹویٹر کے چیف فنانشل آفیسر کا کہنا ہے کہ کمپنی نے چوتھی سہ ماہی میں 1 ارب ڈالر سے زائد کا کاروبار کرکے ایک نیا سنگ میل طے کیا ہے۔  

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ نے کہا ہے کہ گزشتہ سال 900 ملازمین کو بھرتی کرنے سے انکی تعداد میں 24 فیصد اضافہ ہوا اب یہ تعداد 4 ہزار 800 ہو گئی ہے جبکہ اس سال ملازمین کی تعداد میں 20 فیصد سے زائد اضافہ متوقع کیا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹویٹر اپنی ویب سائٹ پر بہتر حکمتِ عملی اپنا کر فیس بک اور سنیپ چیٹ کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتاہے۔

ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسے کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر کے لیے یہ سال انتہائی بہترین رہا ہے اور یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ ہم نے نئے  تقاضوں کے مطابق ٹوئٹر کے استعمال میں مزید آسانی کو یقینی بنایا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here