کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز قدرے بہتری دیکھنے میں آئی اور کے ایس ای 100انڈیکس میں 474.87 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
سوموار کو انڈیکس میں 1221.55 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی اور سرمایہ کاروں کو 1.66 ملین ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
سیاسی محاذ پربھی منگل کو وزیر اعظم عمران خان نے دورہ ملائیشیا کے دوران مختلف کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔
منگل کو جیسے ہی کاروبار شروع ہوا، سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 543.91 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 40 ہزار 953 اعشاریہ 29 کی سطح تک چلا گیا، کاروبار کے دوران تھوڑا بہت اتارچڑھائو رہا اوریوں انڈیکس 474.87 پوائنٹس کے اضافے سے 40 ہزار 884 اعشاریہ 25 کی سطح پر بند ہوا۔
کے ایم آئی 30 انڈیکس 780.33 پوائنٹس اضافے کیساتھ 65 ہزار 561اعشاریہ 14 کی سطح پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای آل شئیرز انڈیکس میں 178.23 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ 28 ہزار 493اعشاریہ 84 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ کے مجموعی حجم میں گزشتہ روز (سوموار)کے مقابلے میں 146.09 ملین تک کمی ہوئی، بینکنگ سیکٹر، پاور جنریشن اینڈ ڈسٹری بیوشن، فرٹیلائزرز سیکٹر کے حصص میں کاروباری حجم بہتر رہا، جبکہ کمپنیوں میں ایم سی بی بینک لمیٹڈ، حب پاور کمپنی لمیٹڈ اور اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ نے اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کرکے 100 انڈیکس میں اضافہ کیا۔
5 فروری کو یوم کشمیر کی تعطیل کی بنا پر کاورباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔