اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے پاکستان میں ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے برطانوی سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے۔
انہوں نے برطانوی ٹریڈ کمشنر سائمن پینی کی قیادت میں وفد کو دورے کی دعوت دی جس میں برطانیہ کے پاکستان میں تعینات ڈپٹی ہائی کمشنر مائیک نتھا وریاناکس اور برطانوی ہائی کمشنر کی ڈپٹی ڈائریکٹر برائے ٹریڈ اولیویا کیمپبیل بھی وفد میں شامل تھیں۔
ندیم بابر نے سائمن بینی کی توجہ ایک دہائی قبل پاکستان میں ایکسپلوریشن و پرڈکشن کے شعبہ میں کام کرنے والی قریباً 40 کمپنیوں کی جانب مبذول کروائی، اور ان سے یہ ذکر کیا کہ یہ کمپنیاں پاکستان میں کس طرح دوبارہ اپنی سرگرمیوں کا آغاز کر سکتی ہیں اور مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے عمومی شعبوں پر بھی بات کی جو اجناس، توانائی کے شعبہ میں تعاون، ٹیکنالوجیکل مینوفیکچرنگ بشمول افرادی قوت، ہنرمندی، محدود پیمانے پر پروڈکشن کے لیے لیکویڈیٹی اور زرعی پیداوار میں نمایاں اضافے سے متعلق ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے وفد کو قابل تجدید توانائی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے لیے موجودہ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے مفید اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جیسا کہ قومی گرڈ میں قابل تجدید توانائی شامل کرنے کے حوالے سے عملی ٹائم لائن کا تعین کیا گیا ہے۔
ندیم بابر نے امید ظاہر کی کہ برطانوی تاجروں اور سرمایہ کاروں کی گہری دلچسپی ایکسپلوریشن و پروڈکشن روڈ شو سے واضح ہوئی جو لندن میں شیڈول کے مطابق منعقد ہو گا۔