رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ٹریکٹرز کی مینوفیکچرنگ میں 35فی صد کمی

481

اسلام آباد: ملک میں کاشت کاری کے لیے استعمال ہونے والے ٹریکٹرز کی مینوفیکچرنگ میں رواں مالی سال 20-2019 کی پہلی ششماہی کے دوران 35.84 فی صد کمی آئی ہے اور 16,661 ٹریکٹرز مینوفیکچر کیے گئے ہیں۔ گزشتہ برس اسی عرصہ کے دوران 25,969 ٹریکٹرز مینوفیکچر کیے گئے تھے۔

اس عرصہ کے دوران ٹرکوں کی مینوفیکچرنگ میں بھی نمایاں کمی کا رجحان دیکھا گیا اور رواں برس 1,729 ٹرک مینوفیکچر کیے گئے، یہ تعداد گزشتہ برس 3,751 تھی، یوں ٹرکوں کی مینوفیکچرنگ میں 53.60 فی صد کمی آئی ہے۔

پاکستان آٹو موبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پی اے ایم اے) کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ گزشتہ برس 515  اور رواں برس محض 326 بسیں مینوفیکچر کی گئیں، یوں بسوں کی مینوفیکچرنگ میں 36.69 فی صد کمی آئی ہے۔

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملک میں 809,607 موٹر سائیکلیں اور تھری وہیلرز مینوفیکچر کیے گئے، گزشتہ برس اسی عرصہ کے دوران یہ تعداد 914,860 تھی، یوں موٹرسائیکلوں اور تھری وہیلرز کی مینوفیکچرنگ میں 11.50 فی صد کمی آئی ہے۔

پک اَپس کی مینوفیکچرنگ میں بھی 38.05 فی صد کمی آئی ہے اور رواں برس کی اولین ششماہی کے دوران محض 7,797 پک اَپس مینوفیکچر کی گئیں جب کہ گزشتہ برس 12,587 پک اَپس مینوفیکچر کی گئیں. علاوہ ازیں، حالیہ چھ ماہ کے دوران 2,094 ایل سی ویز، وینز اور جیپس مینوفیکچر کی گئی ہیں جس کی تعداد گزشتہ برس پہلی ششماہی کے دوران 3,926 تھی، یوں ان وہیکلز کی مینوفیکچرنگ میں 46.66 فی صد کمی آئی ہے۔

مزیدبرآں، مسافر کاروں کی مینوفیکچرنگ میں ریکارڈ 46.37 فی صد کمی کا مشاہدہ کیا گیا ہے اور رواں برس کی پہلی ششماہی کے دوران محض 60,860 گاڑیاں مینوفیکچر کی گئیں، یہ تعداد گزشتہ برس اسی عرصہ کے دوران 113,494 تھی۔

 

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here