اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، گیس کی قیمتوں میں اضافہ ایک بار پھر موخر

وزارت دفاع کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ، وزارت اطلاعات میں‌ ڈیجیٹل میڈیا ونگ قائم کرنے، پاکستان پوسٹل انشورنس کو کمپنی بنانے اور اس کیلئے 70 کروڑ کے پیڈ اَپ کیپٹل کی منظوری

553

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ ایک بار پھر مؤخر کردیا ہے، کمیٹی نے وزارت دفاع کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ اور وزارت اطلاعات میں‌ ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے قیام کی منظوری دے دی.

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج (منگل) ہوا جس میں گیس کی قیمتوں سے متعلق اوگرا کی سمری سمیت 8 نکاتی ایجنڈے پر بات ہوئی۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ جلد بازی میں نہیں کریں گے، قیمتوں سے متعلق تجاویز کو مزید بہتر بنایا جائے اور عوام کو گیس کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بچانے کی تجاویز دی جائیں۔

انہوں نے اوگرا کو کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا متبادل بھی دیا جائے۔

واضح رہے اوگرا نے سمری میں کمرشل و سی این جی سیکٹر کیلئے گیس 31 فیصد اور کھاد ساز کارخانوں کیلئے 153 فیصد مہنگی کرنے کی سفارش کی تھی۔

ای سی سی کے گزشتہ اجلاس میں بھی اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 214 فی صد اضافے کی تجویز پیش کی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت اطلاعات میں ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے قیام کی منظوری دے دی اور وزارت اطلاعات کو اپنے وسائل سے ڈیجیٹل میڈیا ونگ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمیٹی نے وزارت دفاع کیلئے ٹیکنکل سپلمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی بھی منظوری دی جبکہ ایکسپورٹ یونٹس کو ریگولیٹری ڈیوٹی میں استثنی میں توسیع کی بھی منظوری دے دی۔

ای سی سی نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی شرائط پوری کرنے کیلئے پاکستان پوسٹل انشورنس کو کمپنی بنانے اور اس کیلئے 70 کروڑ کے پیڈ اَپ کیپٹل کی منظوری دی گئی ہے۔ پوسٹل انشورنس کمپنی سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے تحت ہو گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here