گندم بحران، سمگلنگ میں ملوث کسٹمز کے سات اہل کار ملازمت سے برخاست

1549

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر میں گندم کا بحران پیدا ہونے اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گندم کی سمگلنگ میں مبینہ طور پر ملوث سات کسٹم اہل کاروں کو ملازمت سے برخاست کر دیا ہے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ برخاست کیے گئے حکام میں چار کلکٹرز، ایڈیشنل کلکٹرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی شامل ہیں جو طورخم اور چمن میں کسٹمز آپریشنز کی نگرانی کر رہے تھے۔

برخاست ہونے والے کسٹمز حکام ناصرف سمگلنگ میں ملوث پائے گئے بلکہ انہوں نے رعایتی سرٹفیکیٹ بھی جاری کیے تاکہ ٹیکس اور ڈیوٹی میں کمی دی جا سکے۔

مزیدبرآں، ایف بی آر نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے اس معاملے کی مزید تفتیش کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ سکینڈل میں ملوث تمام عناصر کے بارے میں معلوم ہو سکے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں گندم بحران کی وجوہ کی تفتیش کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

کمیٹی کی سربراہی ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل واجد ضیا کر ہے ہیں، تین رُکنی اس کمیٹی میں محکمہ انسدادِ کرپشن پنجاب اور انٹیلی جنس بیورو کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

ایف آئی اے کی سربراہی میں کام کرنے والی کمیٹی کو یہ ذمہ داری بھی دی گئی ہے کہ وہ ان عناصر کا کھوج لگائے جو اس بحران کے ذمہ دار ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کے لیے ممکنہ اقدامات کرنے کے لیے تجاویز بھی دیں۔

کمیٹی مستقبل میں گندم کو سٹاک کرنے کے علاوہ اس کی مناسب دیکھ بھال کے لیے بھی ہدایات فراہم کرے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here