اسلام آباد: گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمںٹ سیس (جی آئی ڈی سی) میں تبدیل کے بعد اینگرو فرٹیلائزرز نے یکم فروری سے کھاد کی قیمتوں میں 160 روپے جبکہ فوجی فرٹیلائزرز نے 300 روپے فی بوری کمی کا فیصلہ کرلیا۔
فوجی فرٹیلائزر کی جانب سے یوریا کھاد کی فی بوری قیمت میں 300 روپے کمی کے بعد اب قیمت 1740 روپے ہوگئی ہے۔ اینگرونے یوریا کھاد کی قیمت میں 160روپے کمی کے بعد فی بوری 1880روپے میں فروخت کرنا شروع کردی ہے۔
گیس سیس کی 2001ء کی پالیسی کے مطابق حالیہ جی آئی ڈی سی ریٹ میں تبدیلی کا فائدہ کچھ کھاد ساز اداروں کو ہوگا۔
اینگرو کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ انہوں نے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے جدید ترین کھاد ساز فیکٹری لگائی ہے جو سالانہ 1.3 ملین ٹن کھاد پیدا کریگی، انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گیس سیس کی مد میں 0.70/mmbtu کے بعد ہم کسانوں کو ریلیف دینگے۔
زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ کھاد کی قیمتوں میں کمی سے کاشتکار کھاد کا استعمال زیادہ کریں گے، جس سے فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوجائے گا۔